سکندرآباد کی پارلیمانی نشست کے سی آر کو تحفہ میں پیش کریں ، پدما راؤ گوڑ کی اپیل

   

کانگریس دہلی کی ، بی جے پی گجرات کی غلام ، بی آر ایس کیلئے تلنگانہ عوام ہائی کمان
حیدرآباد۔ 25 اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے بی آر ایس امیدوار پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ بی آر ایس کی کامیابی سے حکومت پر دباؤ بڑھے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کیلئے مجبور ہوں گے۔ اسمبلی حلقہ صنعت نگر کے ایس وی آئی ٹی کالج کے آڈیٹوریم میں پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بی آر ایس کے مقامی رکن اسمبلی ٹی سرینواس یادو اور سابق وزیر داخلہ محمد محمود علی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ پدما راؤ گوڑ نے بی آر ایس کو عوامی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے 10 سال تک ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے۔ مختلف فلاحی اسکیمات متعارف کراتے ہوئے سماج کے تمام طبقات کے چہروں پر خوشی لائی۔ شہر حیدرآباد کو بین الاقوامی طرز پر ترقی دینے کیلئے 36 فلائی اوورس تعمیر کروائے، سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا، برقی کا موثر انتظام کیا گیا، کارپوریٹ اداروں کو مدعو کرتے ہوئے روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے۔ پینے کے پانی کی قلت کو دور کیا گیا، اب وقت آگیا ہے کہ عوام بی آر ایس کا ساتھ دیں، انہیں کامیاب بناتے ہوئے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کی نشست بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کو تحفہ میں پیش کریں۔ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس کی کامیابی پر کانگریس اقتدار سے محروم نہیں ہوگی مگر عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے چیف منسٹر نیند سے بیدار ہوں گے۔ بی آر ایس اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے مسلسل جدوجہد جاری رکھے گی۔ بی آر ایس واحد جماعت ہے جس کو تلنگانہ کے مفادات عزیز ہے جبکہ کانگریس دہلی کی اور بی جے پی گجرات کی غلام ہے۔ بی آر ایس کیلئے تلنگانہ عوام ہی ’’ہائی کمان‘‘ ہے۔ جی کشن ریڈی نے مرکزی وزیر ہونے کے باوجود لوک سبھا حلقہ سکندرآباد کو ترقی دینے کیلئے کوئی کام نہیں کیا، انہیں دوبارہ آزمانا فضول ہے۔ 2