سکنڈری ایجوکیشن کی سطح پر ملک میں طلبہ کے ڈراپ آؤٹس میں نمایاں کمی

   

بوائز کے مقابلہ گرلز میں تعلیم سے زیادہ دلچسپی ، تعلیمی نظام میں بہتری کے مثبت نتائج
حیدرآباد۔6 ۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) ہندوستان میں اسکولی تعلیم کے شعبہ میں حالیہ برسوں میں طلبہ کے ڈراپ آؤٹس میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے۔ سکنڈری ایجوکیشن کی سطح پر ہندوستان میں طلبہ کے ڈراپ آوٹس کا سروے کیا گیا۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران سکنڈری ایجوکیشن کے شعبہ میں طلبہ کی حوصلہ افزاء کارکردگی سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ تعلیم سے رغبت میں اضافہ ہوا ہے ۔ بنیادی سطح پر تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے سرکاری اور خانگی سطح پر چلائی جارہی مہم کارکرد ثابت ہورہی ہے ۔ 2025-26 میں سکنڈری ایجوکیشن میں طلبہ اور طالبات کی برقراری نے سرکاری سطح پر تعلیمی اداروں میں بہتر تعلیم اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ 2014 سے 2026 تک ڈراپ آوٹ کے معاملہ میں طالبات کا مظاہرہ بہتر رہا۔ 2021-22 میں سکنڈری ایجوکیشن میں بوائز کا ڈراپ آؤٹ 13 فیصد درج کیا گیا جو 2025-26 میں گھٹ کر 8.3 فیصد ہوا ہے ۔ گرلز کے ڈراپ آوٹ کے معاملہ میں 2021-22 کے دوران 12.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو 2025-26 میں گھٹ کر 5.7 فیصد ہوچکا ہے ۔ بوائز کے معاملہ میں 5 فیصد کی کمی واقع ہوئی جبکہ گرلز کا ڈراپ آوٹ 3.9 فیصد کم ہوا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری سطح پر بہتر تعلیمی سہولتوں کے نتیجہ میں سکنڈری ایجوکیشن کی سطح پر ڈراپ آؤٹ کو روکنے میں مدد ملی ہے ۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے اسکولی سطح پر ڈراپ آؤٹس پر قابو پانے کیلئے کئی منفرد اسکیمات متعارف کی گئیں۔ ناشتہ اور دوپہر کے کھانے کی اسکیم اسکولوں میں شروع کی گئی اور کئی ریاستوں میں طلبہ کو ڈریس اور دیگر تعلیمی میٹریل مفت سربراہ کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کے اقامتی اسکولوں میں طلبہ کو نصابی کتب اور نوٹ بکس مفت میں فراہم کی جاتی ہے۔1/k/m/b