سہولیات سے محروم طلبا کو آن لائین تعلیم سے جوڑنے کی ضرورت

,

   

انٹرنیٹ ‘ اسمارٹ فون وغیرہ سے محروم طلبا پر توجہ دینے کی ضرورت : گورنر سوندرا راجن کا خطاب
حیدرآباد۔ ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے آج ماہرین تعلیم اور تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ ایسے طلبا تک رسائی حاصل کریں جن تک ابھی کسی کی رسائی نہیں ہوسکی ہے تاکہ ایسے طلبا بھی آن لائین تعلیم سے استفادہ کرسکیں۔ گورنر نے کہا کہ اگر ہم سہولیات سے محروم طلبا تک نہ پہونچ پائیں ‘ جن کے پاس کوئی آلات یا انٹرنیٹ رابطے نہیں ہیںتو اس کے نتیجہ میں ڈیجیٹل تقسیم کی صورتحال پیدا ہوگی ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے طلبا تک بھی رسائی حاصل کی جائے اور انہیں بھی آن لائین تعلیم کی سہولیات سے استفادہ کا موقع فراہم کیا جائے ۔ گورنر گورنمنٹ ڈگری کالج پرکال ( ورنگل ضلع ) کی جانب سے سہ روزہ بین الاقومی ورچول کانفرنس کا بحیثیت مہمان خصوصی افتتاح انجام دے رہی تھیں۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے واضح کیا کہ دور دراز کے دیہی علاقوں اور قبائلی علاقں میں طلبا کی اکثریت کے پاس انٹرنیٹ ‘ اسمارٹ فون یا دوسرے آلات وغیرہ نہیں ہیں کہ وہ آن لائین تعلیم حاصل کرسکیں۔ اس سلسلہ میں انفرا اسٹرکچر کی بہتری کی سمت اگر کوئی پہل ہوتی ہے تو اس کا مقصد لازمی طور پر تمام طلبا کو آن لائین تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہونا چاہئے ۔انہوں نے واضح کیا کہ آن لائین تعلیم کے تعلق سے طلبا میں جوش و جذبہ ہے ۔ کئی دیہی علاقوں میں طلبا انٹرنیٹ تک رسائی کیلئے درختوں اور چھتوں پر چڑھ کر تک کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے طلبا کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔