:عامر علی خان ایم ایل سی کی پہل:
حیدرآباد۔ 23 جولائی (سیاست نیوز) سیاست ۔ ہب فاؤنڈیشن (ایس ۔ ہب) کے ذریعہ اس مرتبہ یوکے یوتھ موبیلٹی اسکیم ویزا 2025 کے تحت جملہ 107 نوجوانوں کی درخواستیں داخل کی گئیں۔ درخواستوں کا یہ ادخال بالکل مفت کیا گیا۔ واضح رہے کہ ملت کے طلباء و طالبات، ہونہار و باصلاحیت لڑکے لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان میں مہارت پیدا کرنے مختلف ہنر و فن کا انہیں ماہر بناکر مختلف شعبوں میں آگے بڑھانے کی خاطر نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان ایم ایل سی نے سیاست۔ ہب نامی پہل کی ہے۔ جن درخواست گذاروں کی درخواستیں داخل کی گئیں وہ ایپیک اوورسیز (EPIC OVERSEAS) کے تعاون و اشتراک سے کی گئیں۔ اس ضمن میں تین روزہ مہم کا 22 جولائی کو آغاز ہوا تھا جو جمعرات دوپہر تک جاری رہے گی۔ خوشی کی بات یہ ہیکہ برطانوی ویزا اسکیم کے تعلق سے 18 تا 30 سال عمر کے گریجویٹس میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ آپ کو بتادیں کہ یہ لاٹری پر مبنی ویزا ہے اور اس کے لئے IELTS کی کوئی ضرورت نہیں اور نہ ہی اس کی کوئی پروسسنگ فیس ہوتی ہے۔ درخواست گذاروں کو یوکے بیالٹ سسٹم پروسس میں تعاون کیا گیا۔ سیاست۔ ہب پہل کا مقصد نوجوانوں کو صرف بااختیار بنانا ہی نہیں بلکہ ان کے لئے عالمی سطح کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ نوجوانوں کے جوش و خروش سے عالمی سطح پر کام کرنے سے متعلق ان کی بڑھتی دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔ اس مفت خدمت کی فراہمی میں سیاست ۔ ہب اور ایپیک اوورسس کے ارکان احسن سید، جی شیکھر، عرفان حسین، عدنان احمد، زبیر اور زاہد فاروقی ڈائرکٹر سیاست ہب نے غیر معمولی تعاون کیا۔