احاطہ روزنامہ سیاست میں 9 ، 10 اور 11 نومبر کو مقرر ، مشہور و معروف ڈاکٹروں کی خدمات کا حصول
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : روزنامہ سیاست نے ملت کی معاشی و تعلیمی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے جو اقدامات کئے ہیں وہ سارے ملک میں مثالی ہیں ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی قیادت میں ملت فنڈ نے جہاں ضرورت مندوں ، فرقہ وارانہ فسادات و آفات سماوی کے متاثرین کی اخلاقی و مالی مدد اور نامعلوم مسلم نعشوں کی تجہیز و تکفین کے ذریعہ خدمت خلق کی بہترین مثال قائم کی وہیں نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کی قیادت میں سیاست ہب فاونڈیشن بیروزگار نوجوان لڑکے لڑکیوں کو روزگار ( سرکاری و خانگی ملازمتوں کے ساتھ ساتھ بیرونی ممالک میں روزگار کے مواقع ) فراہم کرنے ، خواتین کو با اختیار بنانے ، طلباء وطالبات کو مختلف آئی ٹی کورسیس اور انگریزی زبان میں ماہر بنانے ، بیرونی ممالک یونیورسٹیز میں داخلوں کے لیے IELTS جیسے ٹسٹوں کے قابل بنانے ایک لاکھ مسلم گھرانوں کو لکھ پتی بنانے کی سمت اقدامات کردیا ہے ۔ اب سیاست ہب فاونڈیشن نے اودے اومنی ہاسپٹل کے تعاون و اشتراک سے مفت ہیلتھ کیمپ منعقد کررہا ہے ۔ 9 ، 10 اور 11 نومبر 2025 کو احاطہ دفتر سیاست میں واقع عابد علی خاں سینیٹنری ہال میں یہ فری ہیلتھ کیمپ منعقد ہوگا ۔ جہاں صبح 10 تا دوپہر 2 بجے ملک کے ممتاز آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر ویدپرکاش صدر نشین اودے اومنی ہاسپٹل ، ان کے فرزند ڈاکٹر اودے پرکاش ڈائرکٹر اودے اومنی ہاسپٹل ، ڈاکٹر راگھودت ، ڈاکٹر خواجہ عبدالمقیت ایم ایس جنرل سرجری ، مرض شوگر کے ماہر ڈاکٹر فواد علی اور دوسرے مشہور ڈاکٹرس مریضوں کا معائنہ کریں گے ۔ ہڈیوں ، ریڑھ کی ہڈی ، نیورولوجی ، کارڈیالوجی اور جنرل میڈیسن سے جڑے ڈاکٹرس مریضوں کی تشخیص کرتے ہوئے زرین مشوروں سے نوازیں گے ۔ اس موقع پر BMD ( ہڈیوں کا ٹسٹ ) ، ای سی جی ، آر بی ایس ، بی پی جیسے معائنے بھی مفت کئے جائیں گے ۔ گھٹنوں ، جوڑوں ، ریڑھ کی ہڈی ، کمر کے درد ، امراض قلب ، رگوں کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ شوگر کے مرض میں مبتلا مرد و خواتین اس مفت کیمپ سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔۔