سری نگر: جموں وکشمیر کے عوام اس وقت زبردست اور گوناگوں مشکلات سے بھرے دور سے گزر رہے ہیں، ہر ایک طبقہ کے لوگوں کو پہاڑ جیسے مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، سیاسی انتشار اور انتظامی خلفشار نے زمینی سطح پر لوگوں کو جینا دوبھر کردیا ہے ۔ ان باتوں کا اظہارِ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کپوارہ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناصر اسلم وانی نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے لو گ اس وقت نہ صرف روزمرہ کی ضروریات کے مسائل سے دوچار ہے بلکہ سیاسی طور پر بھی ہمیں ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے ۔ آئے روز کشمیریوں کی آواز (نیشنل کانفرنس) کو کمزور کرنے کیلئے نت نئے حربے اپنائے جارہے ہیں۔ہمارے دشمنوں نے اس مقصد کیلئے شاطر اور موقعہ پرست سیاستدانوں کو کام پر لگادیا ہے لیکن نیشنل کانفرنس کی صفوں کی مضبوطی سے ان کے تمام حربے ناکام ثابت ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات سے بھرے اس دور میں نیشنل کانفرنس صرف اس لئے ثابت قدم ،پُرعزم اور رواں دواں ہے کیونکہ اس جماعت کو یہاں کے عوام کی بے پناہ حمایت حاصل ہے ۔ناصر اسلم وانی نے پارٹی عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ موجودہ دور میں دشمنوں کی چالوں سے ہوشیار رہیں اور سوچ سمجھ کر چلیں۔