سیاسی تشدد پر نومنتخب گورنر مغربی بنگال کا اظہار تشویش

   

کلکتہ2ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)مغربی بنگال کے نومنتخب گورنر جگدیپ دھنکر نے آج بنگال میں سیاسی تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاست میں امن و امان کا ماحول قائم کرنے کیلئے تمام متعلقہ افرادسے بات چیت کریں گے ۔ریاست میں تشدد کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ترنمول کانگریس اور بی جے پی ورکروں کے درمیان جھڑپ میں زخمی بارکپور لوک سبھا حلقے سے بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ ارجن سے ملاقات کرنے کے بعد گورنر نے کہا کہ بنگال میں امن وامان کے قیام کیلئے میں تمام متعلقہ افراد سے بات چیت کرنے کو تیار ہوں اور بنگال میں تشدد کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔بنگال کو ترقی کی راہ پر گامزن ہوناچاہیے ۔انہوں نے ارجن سنگھ پر حملے کو انتہائی تشویش ناک قرار دیا۔دھنکر نے 28جولائی کو ہی گورنر کے عہدہ کا حلف لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چوں کہ میں آئینی عہدہ پر فائز ہوں،میری ذمہ داری ہے کہ لااینڈ آرڈر بہتر ہوں اور امن کا ماحول باقی رہے ۔میں تشدد کے واقعات سے دکھی ہوں اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ تشدد سے دور رہیں۔۔اساتذہ،ڈاکٹر اور صحافی کے ساتھ پیش آنے والے واقعات سے میں دکھی ہوں،گورنر نے کہا کہ ہر ایک شہری ذمہ داری ہے کہ اپنے دائرے میں رکھ کر قانون کی پاسداری کریں۔رات میں ارجن سنگھ نے سیریس تکلیف کی شکایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سر میں کافی درد ہے ۔اس وقت میں خوف زدہ ہوگیا تھا۔گورنر کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ گورنر نے وہی بات کہی ہے جسے ایک عرصے سے بنگال کے عوام کہتے ہوئے آر ہے ہیں۔سی پی ایم پولٹ بیورو کے رکن و سابق ممبر پارلیمنٹ محمد سلیم نے کہا کہ گورنر کو یہ بات جاننے کی ضرورت ہے کہ بی جے پی اور ترنمول کانگریس لیڈر سیاست کررہے ہیں اور تشدد کے واقعات کی وجہ سے عام آدمی کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔