سید مختار عالم قادری

   

حضرت سیدنا معشوق ربانی ؒ
حضرت حافظ جلال الدین قادری جمال البحر رحمۃ اللہ علیہ المعروف حضرت معشوق ربانی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت ۷؍ رجب المرجب ۸۹۶ھ کو شہر بغداد میں ہوئی۔ آپ کے والد حضرت سید شاہ عبد القادر حسن قادری رحمۃ اللہ علیہ کا سلسلہ نسب حضرت غوث اعظم دستگیر رحمۃ اللہ علیہ سے ملتا ہے۔ بارہ سال کی عمر میں آپ نے اپنی والدہ ماجدہ سے قرآن مجید حفظ کرلیا اور والد محترم سے دیگر علوم دینیہ کے علاوہ علم باطن بھی حاصل کیا۔ آپ ۹۱۲ھ میں حج بیت اللہ کے لئے تشریف لے گئے اور مدینہ منورہ میں قیام پزیر ہو گئے۔ مدینہ منورہ میں قیام کے دوران حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خاص عنایت سے ’’معشوق ربانی‘‘ کا لقب عطا ہوا اور دکن کی سمت روانگی کا حکم ہوا۔حضرت کی تشریف آوری کے بعد نہ صرف ورنگل بلکہ اطراف و اکناف کے علاقے بھی نور اسلام سے منور ہو گئے۔ ورنگل کے موضع سومارم کی پہاڑی پر بارہ سال تک آپ نے قیام فرمایا اور ریاضت شاقہ و استغراق میں رہے۔ پھر قاضی پورہ (موجودہ نام عرس شریف جاگیر) تشریف لائے۔حضرت نے دو نکاح کئے، ایک زوجہ محترمہ سے اولاد نہ ہوئی، تاہم دوسری زوجہ محترمہ سے ایک صاحبزادی اور تین صاحبزادے تولد ہوئے۔ دو صاحبزادوں اور صاحبزادی کا صغر سنی میں ہی انتقال ہو گیا، جب کہ تیسرے صاحبزادے حضرت سید شاہ غوث معین الدین قادری ؒباحیات رہے، جن سے آپ کا سلسلہ جاری ہوا۔حضرت معشوق ربانی رحمۃ اللہ علیہ کے دست مبارک پر سیکڑوں افراد مشرف بہ اسلام ہوئے۔ آپ نہایت ہی باوقار، حلیم الطبع، برد بار اور صابر و شاکر تھے۔ تین تین دن کا فاقہ ہو جاتا، لیکن کسی پر ظاہر نہ ہونے دیتے۔ ایسی حالت میں اگر کہیں سے کچھ تحفہ وغیرہ آجاتا تو فقراء میں تقسیم فرمادیتے۔ ضعیفوں اور محتاجوں پر نظر شفقت فرماتے، سادہ زندگی بسر کرتے، زمینداروں اور مالداروں کی ملاقات سے اجتناب فرماتے۔ بعمر ۸۱سال بروز جمعہ بوقت صبح بتاریخ ۲۲؍ رجب المرجب ۹۷۷ھ نہایت استقلال اور کشادہ پیشانی کے ساتھ کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے داعی اجل کو لبیک کہا۔آپ کا عرس شریف ۲۱؍ تا ۲۴؍ رجب المرجب منایا جاتا ہے۔