سید نصیر قتل کیس ‘ 6ملزمین گرفتار

   

حیدرآباد : /19 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے حافظ بابا نگر میں حالیہ دنوں پیش آئے سید نصیر قتل کیس میں ملوث 6 خاطیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مہلک ہتھیار برآمد کرلئے ۔ ڈی سی پی ساؤتھ ایسٹ زون سی ایچ روپیش نے بتایا کہ مقتول سید نصیر روڈی شیٹر تھا اور ستمبر 2020 ء میں اپنے ساتھیوں الیاس ، عرفات اور دیگر کیساتھ ملکر وشال شنگتے نامی نوجوان کا قتلکیاتھا اور اس ضمن میں پولیس چھتری ناکہ نے قتل کا مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کیا تھا ۔ ضمانت پر رہا ہونے کے بعد سید نصیر اور اس کے ساتھی مقتول وشال شنگتے کے بھائی آکاش شنگتے کو دھمکانے لگے جبکہ اس قتل کیس کے ملزم آکاش شنگتے اور سید شاہ عبدالجبار انسٹاگرام پر ریلس بناتے ہوئے نصیر کے قتل کا انتباہ دے رہے تھے ۔ /12 ستمبر کو آکاش شنگتے نے اپنے انسٹاگرام پیج پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کیا جس میں اس کے بھائی کے قاتلوں کا قتل کرنے کا انتباہ دیا اور پھر قتل کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ۔ اس قتل کی سازش میں شامل سید شاہ عبدالجبار پریم منے‘ کیف محی الدین اور شیخ ہاشم علی نے سید نصیر کا پتہ لگاکر اس کے گھر کے قریب نشانہ بنایا اور قتل کردیا ۔ پولیس نے /18 ستمبر کو خاطیوں کو فلک نما ریلوے پٹریوں کے قریب گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مہلک ہتھیار برآمد کرلئے ۔