سیل کے دو ڈائرکٹروں سمیت 28 افسران معطل

   

نئی دہلی : مرکزی اسٹیل وزارت نے سرکاری اسٹیل کمپنی سیل کے ڈائرکٹر (کمرشیل) وی ایس کے چکرورتی اور سیل کے ڈائریکٹر فائنانس اے کے ۔ تلسیانی کو فوری اثر سے معطل کر دیا گیا ہے ۔ وزارت نے گزشتہ روز اس سلسلے میں ایک سرکلر جاری کیا تھا۔ سیل نے ہفتہ کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ اس کے علاوہ وزارت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کمپنی کے بورڈ لیول سے نیچے کے 26 افسران کو بھی فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے ۔ یہ معاملہ لوک پال کی ہدایات کے مطابق کی جا رہی کچھ تحقیقات سے متعلق ہے ۔ اس معاملے پر سیل کے چیئرمین امریندو پرکاش نے کہاکہ کمپنی کا کاروبار معمول کے مطابق چل رہا ہے اور اس سے کمپنی کی کارکردگی متاثر نہیں ہوگی۔

خاتون کا ڈاکٹر شوہر کیخلاف فراڈ کا مقدمہ
الور : راجستھان کے الور شہر کوتوالی پولیس اسٹیشن میں ایک خاتون نے اپنے ڈاکٹر شوہر کیخلاف اس کے بینک اکاؤنٹ سے دھوکہ دہی سے 32 لاکھ روپے منتقل کرنے کا مقدمہ درج کرایا ہے ۔ بیوی سیما گرگ نے بتایا کہ اس کا شوہر ڈاکٹر سمیت متل شراب پینے کے بعد اسے مارتا تھا۔ 2018 میں بھی اس کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، تاہم بعد میں صلح ہوگئی تھی۔ 20 اپریل 2023 کو اس کے شوہر نے اس کا موبائل چھین لیا۔ اس کے بعد اس کے شوہر نے اس کے بینک اکاؤنٹ سے آن لائن 32 لاکھ روپے بھائی اور دیگر رشتہ داروں کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دیے ۔ 15 دن پہلے جب اسے پیسوں کی ضرورت تھی تو اس کے اکاؤنٹ میں پیسے نہیں تھے۔اب پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔