سیکورٹی سے متعلق معاملہ میں ٹرمپ کے مشیرکی معطلی

   

واشنگٹن۔19جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) روس پر امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مشیروں میں سے ایک اینڈریو پیک کو سیکورٹی سے متعلق معاملہ میں تفتیش کے بعد معطل کر دیا گیا ہے ۔’ایکس آس ‘ نیوز پورٹل کے مطابق معطلی کے پیچھے صرف سیکورٹی کی وجہ بتائی گئی ہے اور اس سلسلہ میں کوئی دیگر تفصیلات نہیں دی گئی ہے ۔قومی سلامتی کونسل میں یورپی اور روسی امور کے سینئر ڈائرکٹر اینڈریوپیک آئندہ ہفتہ سوئٹزرلینڈ کے ڈیووس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے لئے ٹرمپ کے ساتھ جانے والے تھے ۔ وائٹ ہاؤس اور پیک نے اس معاملہ پر کسی بھی طرح کا بیان دینے سے انکار کر دیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ پیک نومبر 2017 ء سے اس عہدہ پر فائز تھے ۔ اس سے پہلے وہ عراق اور ایران کے لئے ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری کے طور پر کام کر رہے تھے ۔