یوم تاسیس تقریب ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا خطاب
حیدرآباد : /12 مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے ایرپورٹس ، بندرگاہ اور بڑے صنعتوں کی سیکور یٹی کے بغیر ناممکن ہے ۔ سنٹرل انڈسٹریل سیکور یٹی فور س(سی آئی ایس ایف) کے 54 ویں یوم تاسیس کے موقع پر حکیم پیٹ میں منعقدہ تقریب میں امیت شاہ نے سی آئی ایس ایف کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ 1969 ء میں 3000 فورس پر مشتمل ملازمین پر سی آئی ایس ایف کو قائم کیا گیا تھا اور اب ایک لاکھ 70 ہزار کی فورس اس نیم فوجی دستہ میں زیرخدمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 وباء کے دوران سی آئی ایس ایف عملہ نے فرسٹ ریسپانڈر کی حیثیت سے اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے ایرپورٹس اور اہم مقامات پر اپنی خدمات انجام دی ہیں ۔ جس میں کئی جوانوں کی موت بھی واقع ہوئی ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے اس کے ایرپورٹس ، بندرگاہ اور اہم صنعتیں کی سیکوریٹی لازم ہوتی ہیں اور سی آئی ایس ایف کی تعیناتی سے ملک بھی ترقی کی راہ پر ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ /12 مارچ ایک ایسا اہم دن ہے جس میں مہاتما گاندھی نے ڈانڈی مارچ کا آغاز کرتے ہوئے ستیہ گرہ کا آغاز کیا تھا اور عدم تشدد کی مثال قائم کرتے ہوئے ملک پر قابض طاقتوں کو باہر جانے پر مجبور کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں مرکزی وزارت داخلہ سی آئی ایس ایف کو مزید عصری طور پر لیس کرنے کیلئے ٹکنالوجی کا استعمال کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میٹرو ٹرین اور ملک کے کئی ایرپورٹس کے ذریعہ سفر کرنے والے 50 لاکھ سے زائد مسافرین کی ذمہ داری سی آئی ایس ایف پر ہے اور اچھے سلوک اور برتاؤ کے ساتھ پاسنجرس سے نمٹا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی ایس ایف ایک ایسا ادارہ ہے جو داخلی سلامتی میں اہم رول ادا کرتا ہے اور ایرپورٹس ، بندرگاہ کے علاوہ کئی دیگر اہم اداروں کے بھی سیکوریٹی اس کے ذمہ ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ ملک کو جعلی کرنسی ریاکٹ ، منشیات اور دہشت گردی ایک چیلنج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت دہشت گردی کو ہرگز برداشت نہیں کرتی ہے اور اس میں نیم فوجی دستوں کے ذریعہ کئی ماڈیولس کو ختم کیا جاچکا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سی آئی ایس ایف کو ملک کے تمام نیم فوجی دستوں میں سال 2020-21 ء کیلئے بیسٹ پولیسنگ ایوارڈس سے بھی نوازا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سی آئی ایس ایف کا یوم تاسیس تقریب دہلی میں منائی جاتی تھی لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ دہلی سے باہر یہ تقریب منعقد کی گئی ہے ۔ اس موقع پر ڈائرکٹر جنرل سی آئی ایس ایف مسٹر شیل وردھن سنگھ نے اپنی فورس کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ سی آئی ایس ایف کا یوم تاسیس تاریخی شہر حیدرآباد جو موتیوں کا شہر بھی ہے میں منایا جارہا ہے نے کہا کہ حکومت اس ادارہ کو مزید مستحکم کرنے کی خواہاں ہیں اور عصری ٹکنالوجی سے بھی لیس کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔