سی آئی ایس ایف کے اسسٹنٹ کمانڈنٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ

   

حیدرآباد۔15۔جنوری(یواین آئی) سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے بدھ کو نیشنل انڈسٹریل سیکیورٹی اکیڈیمی (این آئی ایس اے )، حکیم پیٹ، حیدرآباد میں منعقدہ ایک شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کے ساتھ اسسٹنٹ کمانڈنٹس /پروبیشنرس کے 37ویں بیچ اور کانسٹیبلس/ڈی سی پی اوزکے 20ویں بیچ کی تربیت کے کامیاب اختتام کا جشن منایا۔ جملہ 53اسسٹنٹ کمانڈنٹس اور 221 کانسٹیبلس/ڈی سی پی اوز کو سخت اور جامع تربیت کے بعد سروس میں شامل کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمانڈنٹس کو خصوصی شعبوں میں تربیت دی گئی، جن میں انڈسٹریل سیکوریٹی مینجمنٹ، ایوی ایشن سیکوریٹی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، وی آئی پی سیکوریٹی، جنگلاتی جنگ اور جدید اسلحہ شامل ہیں۔ انہیں نلساریونیورسٹی کے تعاون سے انڈسٹریل سیکوریٹی مینجمنٹ میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ بھی دیا گیا۔ کانسٹیبلس /ڈی سی پی اوز نے ایف ایس ٹی آئی/این آئی ایس اے 27 ہفتوں کی فائر ٹریننگ اورسی آئی ایس ایف، آرٹی سیز میں 15 ہفتوں کی سیکوریٹی ٹریننگ مکمل کی، جس سے انہوں نے فائر سیفٹی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور جدید فائر فائٹنگ تکنیکوں میں مہارت حاصل کی۔
سی آئی ایس ایف کے ڈائرکٹر جنرل راجوِندر سنگھ بھٹی اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے قوم کی اہم تنصیبات کی حفاظت میں ملازمین کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت برقرار رکھیں اور سیکوریٹی مینجمنٹ میں بدلتے ہوئے چیلنجس سے ہم آہنگ رہیں۔