سی آر پی ایف کے تین اسکولوں کو فرضی دھمکی آمیز ای میلز

   

نئی دہلی: سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کو ایک جعلی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دہلی اور تلنگانہ میں اس کے تین اسکولوں کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا جائے گا۔ سرکاری ذرائع نے منگل کو یہ معلومات دیں۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ اسکول دہلی کی روہنی اور دوارکا اور حیدرآباد کے قریب میڈچل میں واقع ہیں۔ یہ اسکول محفوظ ہیں اور معمول کے مطابق کام جاری ہے۔ سی آر پی ایف کو پیر کی رات مشکوک ای میل موصول ہوئی تھی۔ اس نے دعویٰ کیا کہ تینوں اسکول منگل کی صبح 11 بجے تک پھٹ سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے بعد اسکولوں کی چھان بین کی گئی اور وہاں سے کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ تینوں سی آر پی ایف اسکولوں میں کام معمول کے مطابق جاری ہے۔ یہ دھمکی آمیز ای میل ایسے وقت میں بھیجی گئی ہے جب ایک دن قبل قومی دارالحکومت روہنی کے علاقے پرشانت وہار میں سی آر پی ایف اسکول کی باؤنڈری وال کے باہر دھماکہ ہوا تھا۔