درگاہ حضرت جان پاک شہید معاملہ میں وقف بورڈ کے رویہ پر شدید برہمی کا اظہار
حیدرآباد 11اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے درگاہ حضرت جان پاک شہید معاملہ میں وقف بورڈ پر شدید برہمی کا اظہار کرکے چیف اکزیکیٹیو آفیسر کو جیل بھیج دینے کا انتباہ دیا جس پر عدالت میں موجود سی وی او وقف بورڈ مسٹر سید خواجہ معین الدین نے ماہ رمضان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان غلطیوں کو سدھارنے اور درست کرنے اقدامات کررہے ہیں اور سابق کی غلطیوں کا انہیں احساس ہے۔ جسٹس ایم سدھیر کمار کی بنچ پرتوہین عدالت کی درخواست 293/2023 کی سماعت کے دوران وقف بورڈ کے موقف پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقف بورڈ میں کچھ بھی درست نہیں ہے ۔ وقف بورڈ اسٹینڈنگ کونسل ابواکرم اور مسٹر اشوتوش جوشی نے عدالت کو ماہ رمضان اور بورڈ کے انتظامی امور کا حوالہ دیتے ہوئے خواہش کی کہ انہیں کچھ وقت دیا جائے جس پر جسٹس سدھیر کمار نے 27 اپریل کو مقدمہ کی دوبارہ سماعت رکھتے ہوئے ٹریبونل ‘ آر ڈی او کے علاوہ ہائی کورٹ سے جاری احکام پر عدم عمل آوری کی صورت میں مقدمہ کو جاری رکھتے ہوئے سی ای او کے خلاف فرد جرم عائد کردی جائیگی۔ درخواست گذار کے کونسل جناب عبدالمقیت قریشی نے عدالت کو درگاہ حضرت جان پاک شہید ؒ کے معاملہ میں وقف بورڈ کے رویہ سے واقف کروایا ۔ ٹریبونل کے احکامات کے متعلق وقف بورڈ حکام نے بتایا کہ 2018میں ٹریبونل نے درخواست گذار کی تولیت کو قبول کرنے اور درگاہ کے امور ان کے حوالہ کرنے احکام جاری کئے تھے اور جاریہ سال ہائی کورٹ نے درخواست گذار کو عرس مراسم انجام دینے کی اجازت دینے کی ہدایت دی تھی لیکن درخواست گذارنے عدالت میں ان احکام پر عدم عمل آوری کی شکایت کی جبکہ بورڈ کا کہناہے کہ بورڈ نے مشترکہ طور پر مراسم کی ادائیگی کا موقع فراہم کیا ہے۔