سی ای او ٹیسلا ایلان مسک کا آئندہ ہفتہ دورہ ہندوستان

   

ہندوستان میں سرمایہ کاری پر بات چیت ، وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات
حیدرآباد۔18 اپریل(سیاست نیوز) ایلان مسک چیف اکزیکیٹیو آفیسر ٹیسلا آئندہ ہفتہ ہندستان کا دورہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے اور ہندستان میں سرمایہ کاری کے سلسلہ میں بات چیت کی جائے گی۔ دنیا میں ٹیکنالوجی اور الکٹرانک کاروں کی دنیا پر تیزی سے اپنی اجارہ داری قائم کرنے والے ایلان مسک کے دورہ ہندستان کے سلسلہ میں متعدد قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ وہ اپنے دورہ ہندستان کے دوران وزیر اعظم ہند سے ملاقات کرتے ہوئے ہندستان میں 2تا3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرسکتے ہیں۔ ایلا ن مسک کے دورۂ ہندستان کے وقت کے سلسلہ میں مختلف گوشوں سے اعتراض کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے ہندستان میں انتخابات کے ماحول کے دوران ایلان مسک کے دورہ اور وزیراعظم سے ملاقات کے علاوہ سرمایہ کاری کے اعلان کو محض اتفاق تصور نہیں کیا جانا چاہئے بلکہ یہ ایک منصوبہ بند دورہ ہے جو کہ انتخابی مہم کے دوران کیا جا رہاہے۔ ٹیسلاکے ہندستان میں سرمایہ کاری اور ہندستان میں ٹیسلا کی تیاری کے پلانٹ کے قیام کے منصوبہ کے انکشاف کے ساتھ ہی مختلف ریاستوں کی جانب سے ایلان مسک کو اپنی ریاست میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے کی کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور حکومت تلنگانہ کے علاوہ حکومت آندھراپردیش نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایلان مسک اور ان کی کمپنی سے رابطہ میں ہیں تاکہ انہیں ان ریاستوں میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا جاسکے۔ ایلان مسک کے آئندہ ہفتہ دورہ ہندستان اور وزیر اعظم سے ملاقات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ اس دورہ کے دوران وہ سرمایہ کاری کے اپنے منصوبہ کا اعلان کرسکتے ہیں لیکن کتنی سرمایہ کاری کی جائے گی اس سلسلہ میں وہ کوئی انکشاف نہیں کریں گے اور نہ ہی ہندستان کی کس ریاست میں ٹیسلا کے پلانٹ کے قیام کے متعلق بھی منصوبہ کا انکشاف نہیں کیا جائے گا بلکہ ایلان مسک اس دورہ کے دوران محض ہندستان میں سرمایہ کاری کے متعلق اپنے منصوبہ اور کمپنی کے الکٹرک کاروں کی تیاری کے پلانٹ کے قیام کے متعلق اعلان کریں گے ۔ ٹیسلا کمپنی اور مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم X کے سی ای او کے دورہ ہندستان کو نہ صرف ہندستان بلکہ دنیا بھر میں اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ ہندستان میں انتخابی مہم عروج پر ہے اور عام انتخابات کا عمل جاری ہے ایسے میں ایلان مسک ہندستان کا دورہ کرتے ہوئے نریندر مودی سے ملاقات کر رہے ہیں۔ ایلان مسک کی ہندوستان آمد کے بعد وزیراعظم کے علاوہ کسی اور ریاستی قائد سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں ہے ۔3