سی بی آئی ۔ ای ڈی کے امکانی دھاوؤں سے بچنے چیف منسٹر کا خفیہ دورہ دہلی

   


متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کی عدم موجودگی سے شکوک کو تقویت ۔ کانگریس قائد پونم پربھاکر کا الزام

حیدرآباد : ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پرنم پربھاکر نے امکانی ای ڈی ۔ سی بی آئی کے دھاوؤں سے بچنے کیلئے خفیہ ایجنڈے کے ساتھ دہلی کا دورہ کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ چیف منسٹر کا دورہ دہلی کئی شکوک و شبہات کو جنم دے رہا ہے۔ جی ایچ ایم سی کی انتخابی مہم چلانے کیلئے حیدرآباد پہنچنے والے بی جے پی کے قومی قائدین نے تلنگانہ حکومت یا چیف منسٹر کے ارکان خاندان کے خلاف بدعنوانیوں پر کوئی بات نہیں کی۔ چیف منسٹر کے دہلی پہنچ کر مرکزی وزراء سے ملاقات کرنے پر شکوک کو مزید تقویت حاصل ہورہی ہے۔ چیف منسٹر جن مسائل پر وزراء سے ملاقات کررہے ہیں ان محکمہ جات کے عہدیداروں کی ملاقات میں عدم موجودگی ساتھ ہی ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کی بھی عدم موجودگی سے یہ اندازہ ہورہا ہیکہ ملاقاتوں کے تبادلہ خیال کو خفیہ رکھا جارہا ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ انتخابات میں ایک دوسرے کو تنقیدوں کا نشانہ بنانے والے اب خفیہ ملاقاتیں کررہے ہیں۔ اس سے یہ بات واضح ہوگہی ہیکہ کے سی آر، مودی، امیت شاہ اور اویسی ایک ہی ہیں۔ کے سی آر نے مرکزی حکومت کے خلاف آرپار کی لڑائی لڑنے کا اعلان کیا اب عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے بی جے پی کے قائدین سے دہلی میں ملاقات کررہے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ مرکزی حکومت کے سی آر کی بدعنوانیوں پر خاموش کیوں ہیں۔ سیلاب کی آمدنی سے متعلق رپورٹ مرکزی ٹیم دہلی کیوں نہیں لے گی۔ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ بی جے پی کے خوف سے چیف منسٹر دہلی کے دورہ پر ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ صرف کسانوں کے مسائل پر مگرمچھ کے آنسو بہانے کے بجائے چیف منسٹر دہلی میں احتجاج کرنے والوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے احتجاج کی تائید کریں۔