سی پی آئی سے مفاہمت کے نتیجہ میں کانگریس کو اقتدار : ڈاکٹر نارائنا

   

آندھراپردیش میں جگن کا زوال یقینی، 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا یقین
حیدرآباد 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کو سی پی آئی سے مفاہمت کا نتیجہ قرار دیا۔ حیدرآباد میں قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ اور قومی عاملہ کے رکن چاڈا وینکٹ ریڈی کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کے نارائنا نے یہ ریمارک کرتے ہوئے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ اُنھوں نے واضح کیاکہ سی پی آئی سے انتخابی مفاہمت کے نتیجہ میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہوا ہے۔ اُنھوں نے تلنگانہ میں کانگریس کی جانب سے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے آغاز کا خیرمقدم کیا اور اُمید ظاہر کی کہ ریونت ریڈی حکومت وعدوں کی تکمیل کرے گی۔ آندھراپردیش میں جگن موہن ریڈی حکومت کے زوال کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہاکہ جگن موہن ریڈی حکومت سے عوام سخت ناراض ہیں۔ آندھراپردیش میں مخالف حکومت لہر کے نتیجہ میں جگن اقتدار سے محروم ہوجائیں گے۔ دھرانی پورٹل کے نام پر کے سی آر نے عوام کو جس طرح دھوکہ دیا، اُس سے کہیں زیادہ آندھراپردیش کے عوام کو جگن نے دھوکہ دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں ایک ایک لوک سبھا نشست پر سی پی آئی مقابلہ کرے گی۔ نارائنا نے کہاکہ سی پی آئی سے مفاہمت نہ ہونے کے سبب چھتیس گڑھ، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں کانگریس کو شکست ہوئی ہے۔ کانگریس کی قومی قیادت کو اِس معاملہ کا جائزہ لینا چاہئے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہاکہ راجستھان، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں کانگریس کے اوور کانفیڈینس نے پارٹی کو ہرادیا۔ تلنگانہ میں کانگریس کے تمام قائدین نے متحدہ طور پر الیکشن کا سامنا کیا جس کے نتیجہ میں پارٹی کو کامیابی ملی جبکہ تین ریاستوں میں کانگریس قائدین منتشر دکھائی دیئے۔ نارائنا نے کہاکہ انڈیا اتحاد میں شامل تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کر کانگریس کو آگے بڑھنا چاہئے۔ لوک سبھا چناؤ میں بی جے پی کو شکست دینے کے لئے اپوزیشن اتحاد ضروری ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے آندھراپردیش میں اراضی سے متعلق پاس بُک میں چیف منسٹر جگن کی تصویر پر سخت اعتراض کیا اور کہاکہ جگن مستقل چیف منسٹر نہیں ہیں لہذا پاس بُک پر اُن کی تصویر غیر ضروری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش میں بی جے پی کے اشارہ پر جگن کام کررہے ہیں۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں ریونت ریڈی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے گی۔ نارائنا نے کہاکہ تلگو ریاستوں میں سی پی آئی کا موقف مستحکم ہے۔