سی پی رادھا کرشنن نے گورنر تلنگانہ کے عہدہ کا حلف لیا

,

   

چیف جسٹس الوک ارادھے نے راج بھون کے دربار ہال میں حلف دلایا، چیف منسٹر و دیگر کی شرکت

حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) گورنر جھار کھنڈ سی پی رادھا کرشنن نے آج گورنر تلنگانہ کی حیثیت سے اضافی ذمہ داری کا حلف لیا۔ راج بھون میں منعقدہ پُراثر تقریب میں چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ الوک ارادھے نے سی پی رادھا کرشنن کو عہدہ کا حلف دلایا۔ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے استعفی کے بعد صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے سی پی رادھا کرشنن کو تلنگانہ کے گورنر اور پوڈیچیری کے لیفٹننٹ گورنر کی اضافی ذمہ داری دی تفویض کی ہے۔ رادھا کرشنن کل رات رانچی سے حیدرآباد پہنچے اور آج صبح 11:15 بجے دربار ہال راج بھون میں تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔ چیف جسٹس الوک ارادھے نے انگریزی میں حلف دلایا۔ قبل ازیں چیف سکریٹری شانتی کماری نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے احکامات تقرر پڑھ کر سنائے جنہیں حلف برداری کے بعد نئے گورنر کے حوالے کیا گیا۔ رادھا کرشنن آج پوڈیچیری روانہ ہوگئے جہاں وہ کل 21 مارچ کو لیفٹننٹ گورنر کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ حلف برداری سے قبل چیف منسٹر ریونت ریڈی اور چیف جسٹس الوک ارادھے کی رادھا کرشنن سے ملاقات ہوئی اور یہ تینوں ایک ساتھ دربار ہال پہنچے۔ حلف برداری کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نئے گورنر کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ، سابق گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ، صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی، ریاستی وزراء کونڈہ سریکھا، پونم پربھاکر، سرینواس ریڈی، اتم کمار ریڈی، سریدھر بابو، ٹی ناگیشور راؤ، حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر، حکومت کے خصوصی نمائندہ برائے نئی دہلی جتیندر ریڈی، میئر حیدرآباد وجئے لکشمی، ڈائرکٹر جنرل پولیس روی گپتا، کمشنر پولیس سرینواس ریڈی کے علاوہ اپوزیشن بی آر ایس سے واحد نمائندگی کے طور پر سابق وزیر ٹی سرینواس یادو نے شرکت کی۔ حلف برداری کے بعد گورنر سے ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کا تعارف کرایا گیا۔ چیف منسٹر اور چیف جسٹس کے ہمراہ گورنر نے ایٹ ہوم پر مختصر بات چیت کی۔ حلف برداری سے قبل گورنر کو سلامی پیش کی گئی۔ رادھا کرشنن کا جنم 4 مئی 1957 کو ہوا اور وہ ٹاملناڈو کے کوئمبتور لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر دو مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں۔ وہ ٹاملناڈو بی جے پی کے ریاستی صدر کے عہدہ پر بھی فائز رہے۔ 2016 سے 2019 تک مرکزی حکومت کے ادارہ کے صدرنشین رہے۔ 18 فروری 2023 کو گورنر جھارکھنڈ کے طور پر ذمہ داری سنبھالی۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی جانب سے تلنگانہ اور پوڈیچیری کیلئے مستقل گورنر اور لیفٹننٹ گورنر کے تقرر تک وہ اپنی ذمہ داری سنبھالیں گے۔1

گورنر رادھا کرشنن کی تقریب حلف برداری … جھلکیاں
تلنگانہ کے تینوں گورنرس کا تعلق ٹاملناڈو سے
حیدرآباد۔/20مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راج بھون میں تقریباً پانچ برس بعد نئے گورنر کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ستمبر 2019 میں گورنر تلنگانہ کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالی تھی اور 2021 سے انہیں لیفٹننٹ گورنر پوڈیچیری کی اضافی ذمہ داری دی گئی تھی۔ راج بھون میں آج نئے انچارج گورنر سی پی رادھا کرشنن کی تقریب حلف برداری میں سماج کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔
l چیف منسٹر ریونت ریڈی جو کانگریس امیدواروں کے انتخاب کی سرگرمیوں میں نئی دہلی میں تھے تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے بطور خاص حیدرآباد پہنچے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ دوبارہ دہلی روانہ ہوں گے۔
l تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تینوں گورنرس کا تعلق ٹاملناڈو سے رہا ہے۔ ای ایس ایل نرسمہن جو متحدہ آندھرا پردیش کے بعد تلنگانہ کے گورنر رہے ، ان کا تعلق ٹاملناڈو سے تھا۔ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن بھی ٹاملناڈو سے تعلق رکھتی تھیں۔ ان کے جانشین کے طور پر رادھا کرشنن بھی اتفاق سے ٹاملناڈو سے تعلق رکھتے ہیں۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد تمام گورنرس ٹاملناڈو سے رہے ہیں۔
l ٹھیک 11:15 بجے چیف جسٹس ہائی کورٹ الوک ارادھے دربارہال میں داخل ہوئے، ان کے ہمراہ نئے گورنر رادھا کرشنن اور چیف منسٹر ریونت ریڈی موجود تھے۔
l حلف برداری تقریب تقریباً 10 منٹ میں مکمل ہوگئی۔
l تقریب کے آغاز پر چیف سکریٹری شانتی کماری نے صدر جمہوریہ کی جانب سے احکامات تقرر پڑھ کر سنایا۔
l تقریب کا آغاز اور اختتام قومی ترانہ سے ہوا۔
l رادھا کرشنن نے انگریزی میں حلف لیا۔
l حلف برداری کے بعد گورنر نے احکامات تقرر حاصل کئے اور دستخط کئے۔
l تقریب حلف برداری میں برسراقتدار کانگریس کے علاوہ بی آر ایس اور بی جے پی کے نمائندے شریک تھے۔
l ایٹ ہوم کے بعد گورنر رادھا کرشنن نے چیف منسٹر اور ریاستی وزراء کے ساتھ گروپ فوٹو لی۔ اس موقع پر 11 کے منجملہ صرف 6 وزراء موجود تھے۔
l سماج کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ فوج، بحریہ اور فضائیہ کے عہدیداروں نے نئے گورنر رادھا کرشنن سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔1