شاد نگر میں واقع فارما کمپنی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

   

رکن اسمبلی شادنگر کا دورہ اور متاثرین سے ملاقات، دو فائرانجن کے ذریعہ آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری

شادنگر۔ 26 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر کے نندی گاؤں منڈل مستقر میں واقع الائن فارما کمپنی میں ویلڈنگ کے دوران بھیانک آگ لگ گئی۔جس کی وجہ سے آہستہ آہستہ پوری کمپنی آگ کے لپیٹ میں آگئی۔ آگ پر قابو پانے کے لیے دو فائر انجنوں اور مقامی ٹینکروں کے ذریعہ آگ کو قابو میں کرنے کی کوشش جاری ہے۔ الوین فارما کمپنی میں آگ لگنے کے بعد سے کمپنی میں موجود کیمیکل کی وجہ سے آگ مزید شدت اختیار کر رہی تھی۔ کمپنی میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی کمپنی میں موجود تقریبا 50 سے زائد ملازمین خوف و دہشت کے ماحول میں پریشان تھے۔ کمپنی میں لگی آگ کی اطلاع کے ساتھ ہی مقامی پولیس موقع واردات پر پہنچ کر کمپنی میں پھنسے ہوئے 50 سے زائد ملازمین بشمول خواتین کو فارما کمپنی کی بلڈنگ کے دوسری منزل کہ کھڑکیوں سے پولیس اور مقامی عوام نے مل کر ملازمین کو باہر نکالا۔ اس دوران کمپنی کا ایک ملازم دوسری منزل کی کھڑکی سے کود نے کی وجہہ سے اس ملازم کے پیر کو فریکچر ہوا۔ بقیہ ملازمین کو باحفاظت کمپنی سے باہر نکال دیا گیا۔ اطلاع ملنے کے ساتھ ہی شادنگر ایم ایل اے ویرلا پلی شنکر جائے حادثے پر پہنچ کر خوف و دہشت کے ماحول میں بحفاظت کمپنی سے باہر آنے والے ملازمین سے ملاقات کرتے ہوئے واقفیت حاصل کی۔ بعد ازاں شمس آباد ڈی سی پی نارائن ریڈی۔ پولیس عملہ کے ذریعہ جائے حادثے پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کے اقدامات میں مصروف ہو گئے۔ فارما کمپنی میں آگ لگنے کی وجہ سے اطراف و اکناف کی عوام میں خوف کا ماحول دیکھا گیا۔ فارما کمپنی میں لگی آگ دیکھنے کے لیے کافی ہجوم وہاں پر جمع ہوا۔ ایک اطلاع کے مطابق فارما کمپنی میں آگ پانچ بجے لگنے کی اطلاع ہے۔ دو گھنٹے کا عرصہ گزرنے کے باوجود آگ پر قابو پانے کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔ ابھی تک کی موصول اطلاع کے مطابق کسی بھی ملازم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ صرف اور صرف کمپنی کا بھاری مالی نقصان ہوا ہے۔