شامیر پیٹ تالاب کی سطح آب میں بھی اضافہ

,

   

حیدرآباد۔ شہر اور مضافات میں گذشتہ دنوں کی بارش کے نتیجہ میں تقریبا ذخائر آب اور تالاب وغیرہ لبریز ہوتے جا رہے ہیں۔ شامیرپیٹ تالاب کی سطح آب میں بھی اب بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے ۔ اس جھیل میں بھی خاطر خواہ پانی کا بہاو آنے لگا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ گذشتہ چار برس سے یہ تالاب تقریبا خشک ہونے کے قریب پہونچ گیا تھا تاہم اب گذشتہ دو دنوں سے شامیر پیٹ تالاب کی سطح آب میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے ۔ اس تالاب کی مکمل سطح آب 32 فیٹ ہے اور اس میں پانی کی سطح 20 فیٹ تک پہونچ گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آبگیر علاقوں میں گذشتہ چند دنوں سے اچھی بارش کے نتیجہ میں اس تالاب میں پانی کے بہاو میں اضافہ ہوا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ دو دنوں میں یہاں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوگا ۔ کہا جا رہا ہے کہ 2015 – 16 کے بعد سے شامیر پیٹ تالاب تقریبا خشک ہونے لگا تھا اور اب اس میں پانی کا بہاو آنے لگا ہے ۔ 2016 میں اس تالاب میں پانی کی سطح 12 فیٹ تک پہونچی تھی تاہم اس بار یہ 20 فیٹ تک پہونچ چکی ہے ۔