شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال ، بلنکن اٹلی روانہ

   

روم : امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن روم میں برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے جس میں شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جہاں بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اعلان کیا ہے کہ بلنکن اٹلی اور ویٹیکن کے سرکاری دورے کے دوران اپنے یورپی ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔9جنوری کو اٹلی کی میزبانی میں ہونے والے اس اجلاس میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے علاوہ امریکہ اور میزبان ملک کے وزرائے خارجہ بھی شرکت کریں گے۔توقع کی جارہی ہے کہ وزراء مشرق وسطیٰ کے ایجنڈے بالخصوص شام میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے اور توقع ہے کہ وہ اطالوی صحافی سیسیلیا سالا کی گرفتاری پر بھی تبادلہ خیال کریں گے جنہیں 19 دسمبر کو ایران میں حراست میں لیا گیا تھا۔اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے سفارتکاروں کی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ شام میں حالات تبدیل ہوں گے۔