شان رسالتؐ میں گستاخی کیخلاف 25 کروڑ مسلمانوں نے احتجاج کروایا۔ کے ٹی آر

   

بی جے پی مذہبی نفرت کو فروغ دیتے ہوئے خود فائدہ اٹھارہی اور ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے

حیدرآباد ۔ 11 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ شان رسالتؐ میں گستاخی کے خلاف ملک کے 25 کروڑ مسلمانوں نے کل نماز جمعہ کے بعد اپنا احتجاج درج کراتے ہوئے غم و غصہ و برہمی کا اظہار کیا ہے۔ بی جے پی سیاسی مفاد پرستی کیلئے ملک کے امن بھائی چارگی کو نقصان پہنچارہی ہے اور ہندوستان ساری دنیا میں شرمسار ہورہا ہے۔ آج بھی ملک میں ایسے کئی گاؤں ہیں جہاں برقی اور پانی کی سہولت نہیں ہے۔ اس پر غور کرنے کے بجائے بی جے پی مذہب اور ذات پات کی سیاست کرتے ہوئے نفرت کا ماحول پیدا کررہی ہے جس سے ملک ہر طرف جل اٹھا ہے۔ کے ٹی آر نے آج ضلع کھمم میں لکارم تالاب پر 11.75 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کردہ کیبل برج، میوزیکل فونٹین، ایل ای ڈی لائٹنگ کے علاوہ دوسرے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرتے ہوئے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ایک ہی دن 100 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کا کھمم میں افتتاح کرتے ہوئے انہیں بے حد خوشی ہورہی ہے۔ ماضی میں دلدل میںمبتلا لکارم تالاب کو خوبصورتی سے ترقی دی گئی ہے۔ روزانہ 2 ہزار افراد یہاں سیر و تفریح کرسکتے ہیں۔ کھمم میونسپل کارپوریشن میں جو ترقی ہورہی ہے وہ کسی اور کارپوریشن میں نہیں ہورہی ہے۔ اس میں وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کا تعاون بھی ناقابل فراموش ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 1987ء میں ہندوستان اور چین کی معاشی صورتحال بالکل ایک جیسی تھی۔ 35 سال بعد دیکھیں تو چین 16 ٹریلین ڈالر کی رفتار سے ترقی کررہا ہے۔ ترقی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے چین دنیا کا سرفہرست ملک بن چکا ہے۔ بھارت میں مذہبی جنون کی وجہ سے ملک ترقی سے محروم ہورہا ہے۔ن