کولکاتہ: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اتوار کو مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس کے لیڈر شاہجہاں شیخ کے خلاف ‘لُک آؤٹ’ نوٹس جاری کیا۔ای ڈی نے ریاست کے تمام ہوائی اڈوں اور بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کی سرحدی چوکیوں کو الرٹ کر دیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جب ان کی ٹیم ٹی ایم سی لیڈر کے خلاف راشن کی تقسیم کے مبینہ گھپلے کے سلسلے میں ان کے گھر پر چھاپہ مارنے کے لیے سربیریا پہنچی تو ان کا دروازہ اندر سے بند تھا اور ان کے فون کی لوکیشن اسی گھر سے ‘شو’ ہورہی تھی۔اہلکاروں نے جب دروازہ کھولنے کو کہا تو انہوں نے دروازہ کھولنے سے انکار کر دیا۔ افسر نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں کی مدد سے دروازہ کھلوانے کی کوشش کی۔اس دوران ہجوم نے ان کی ٹیم، سی آر پی ایف کے جوانوں اور میڈیا اہلکاروں پر اینٹوں اور پتھروں سے حملہ کیا۔ ان کی گاڑیوں پر بھی حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں تین اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔