شاہ عنایت گنج میں جعلی ڈگریوں کے ساتھ فرضی ڈاکٹر گرفتار

   

کلینک کے ذریعہ شہریوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ، سنٹرل زون ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی

حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) آسان انداز میں پیسے کمانے کیلئے عام شہریوں کی زندگی سے کھلواڑ کرنے والے ایک فرضی ڈاکٹر کا ٹاسک فورس پولیس نے پردہ فاش کردیا جو نقلی سرٹیفکیٹس کے ذریعہ شہر میں باضابطہ کلینک چلا رہا تھا۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم نے شاہ عنایت گنج حدود میں کارروائی انجام دی اور 46 سالہ پردیپ جین ڈانگر ساکن بیدرواڑی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے جنسی چوراہے پر واقع ’’سری نمن کلینک‘‘ پر دھاوا کیا جو پردیپ جین چلارہا تھا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے فرضی ڈگری کو بھی ضبط کرلیا۔ آیورویدک اور ایلوپیتھی میں معلومات حاصل کرتے ہوئے اس نے کلینک کو قائم کیا۔ 1999ء میں ایک آیورویدک ڈاکٹر کے یہاں کام کرنے والے پردیپ جین نے تجربہ حاصل کیا اور اس تجربہ کی بنیاد پر آسان انداز میں پیسے کمانے کا منصوبہ تیار کیا۔ ٹاسک فورس پولیس کے مطابق پردیپ جین ڈانگر نے کانپور اترپردیش سے تعلق رکھنے والے ریتوراج نامی ایجنٹ کے ذریعہ 40 ہزار روپئے میں نقلی ڈی اے ایم ایس اور ایم ڈی کی ڈگری حاصل کی اور اس فرضی ڈگری کے ذریعہ پریکٹس کرنے لگا۔ فرضی ڈگری کا استعمال کرتے ہوئے اس نے لیٹرہیڈس تیار کروائے اور ویزیٹنگ کارڈز تیار کرتے ہوئے بھاری فیس وصول کررہا تھا۔ ٹاسک فورس پولیس کی سنٹرل زون ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اس فرضی ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا اور ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ فرضی ڈاکٹر پردیپ جین ڈانگر کو مزید کارروائی کیلئے شاہ عنایت گنج پولیس کے حوالے کردیا۔ع