شرمیلا کی پدیاترا،پرشانت کشور کی ٹیم سے مختلف امورپرتبادلہ خیال

   

حیدرآباد17اکتوبر (یو این آئی)وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی کی صدروائی ایس شرمیلا کی 20اکتوبر سے چیوڑلہ سے پدیاترا شروع ہوگی جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔پدیاترا میں اٹھائے جانے والے مسائل کے سلسلہ میں انہوں نے پرشانت کشور کی ٹیم کے ارکان سے تبادلہ خیال کیا۔عوامی مسائل اٹھانے کے ساتھ ساتھ حکومت کی ناکامی کو عوام کے درمیان لے جانے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔اس یاترا کو پرجا پرستھانم یاترا کا نام دیاگیا ہے ۔انہوں نے چیوڑلہ سے ہی پدیاترا کی شروعات کا فیصلہ کیا ہے جہاں سے ان کے والد ومتحدہ آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی وائی ایس راج شیکھرریڈی نے پدیاترا کا آغاز کیاتھا۔اس یاترا کے دوران وہ روزانہ تقریبا 10تا15کیلومیٹر کے علاقہ کا احاطہ کریں گی۔ان کی یاترا کے روٹ میپ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ پارٹی کے سینئر لیڈروچیوڑلہ پارلیمانی حلقہ کے کنوینر راگھوریڈی نے یہ بات بتائی۔