وائس چانسلر افتتاح کریں گے، سرکردہ پروفیسرس اور اسکالرس کی شرکت
حیدرآباد۔/21 فبروری، ( پریس نوٹ ) شعبہ اردو اسکول آف ہیومانٹیز یونیورسٹی آف حیدرآباد ( آئی او ای پروجیکٹ ) کے زیر اہتمام 22 اور 23 فبروری 2024 کو دو روزہ قومی سمینار بعنوان ’’ہندوستانی ثقافت اور اردو انشائیہ: ابتداء تا حال‘‘ آڈیٹوریم اسکول آف ہیومانٹیز یونیورسٹی ہذا میں منعقد ہوگا۔ افتتاحی اجلاس 22 فبروری کو 3 بجے سہ پہر پروفیسر بی جے راؤ وائس چانسلر یونیورسٹی آف حیدرآباد کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ صدارت پروفیسر وی کرشنا ڈین اسکول آف ہیومانٹیز کریں گے جبکہ استقبال پروفیسر سید فضل اللہ مکرم صدر شعبہ اردو کریں گے جبکہ ڈاکٹر عرشیہ جبین سمینارکوآرڈینیٹر اغراض و مقاصد پیش کریں گے۔ کلیدی خطبہ پروفیسر محمد زماں آزردہ سابق ڈین و صدر شعبہ اردو کشمیر یونیورسٹی سرینگر کا ہوگا۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر شہاب الدین ثاقب سابق چیرمین شعبہ اردو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور پروفیسر رحمت یوسف زئی سابق صدر شعبہ اردو یونیورسٹی آف حیدرآباد ہوں گے جبکہ مہمانان اعزازی کی حیثیت سے پروفیسر سید سجاد حسین سابق صدر شعبہ اردو مدراس یونیورسٹی تمل ناڈو، پروفیسر محمد علی جوہر سابق چیرمین شعبہ اردو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے علاوہ پروفیسر ابوبکر عباد شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی شرکت کریں گے۔ سمینار کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عرشیہ جبین کے بموجب نظامت کے فرائض کفیل احمد انجام دیں گے جبکہ اظہار تشکر ڈاکٹر محمد کاشف سمینار کو کوآرڈینیٹر ادا کریں گے۔ اسی دن 5:30 بجے شام غزل پروگرام منعقد ہوگا۔ سمینار کے دوسرے دن یعنی 23 فبروری کو ادبی اجلاس ہوگا۔ صبح 10 تا 11:30 بجے دن پہلے اجلاس کی صدارت پروفیسر محمد زماں آزردہ اور پروفیسر مجید بیدار کریں گے جبکہ دوسرا اجلاس 11:45 تا ایک بجے دن ہوگا جس کی صدارت پروفیسر شہاب الدین ثاقب اور پروفیسر سجاد حسین کریں گے۔ تیسرا اجلاس 2:30 تا 4 بجے دن کی صدارت پروفیسر محمد علی جوہر اور پروفیسر نسیم الدین فریس اور چوتھا اجلاس 4:15 تا 5:45 بجے ہوگا جس کی صدارت پروفیسر ابوبکر عباد اور پروفیسر شمس الھدیٰ کریں گے۔ مذکورہ چار اجلاسوں میں اسکالرس مختلف عنوانات پر مقالہ جات پیش کریں گے۔ اختتامی اجلاس 6 بجے منعقد ہوگا۔