شفافیت کے ساتھ ووٹر لسٹ کی تیاری کی ہدایت

   

الکٹورل ابزرور محمد عبدالعظیم کا دورہ ورنگل ‘ کلکٹر کے ہمراہ مختلف بوتھ کا دورہ اور عہدیداروں سے تبادلہ خیال

ورنگل ۔ 3؍ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ووٹر لسٹ کے طریقہ کار میں شفافیت لانے اور آئندہ منعقد شدنی انتخابات کی تیاری کے ضمن میں الکٹورل ‘ ابزرور ایم اے عظیم نے ورنگل کا ایک روزہ دورہ کرتے ہوئے تمام امور کا جائزہ لیا اور ہنمکنڈہ سرکٹ گیسٹ ہاوز میں ضلع کلکٹر پرشانت جیون پاٹل ‘ آر ڈی او کے وینکٹ ریڈی ‘ تحصیلدار بھاپوسنگ ناگیشورراؤ دعہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹرس ٹول فری نمبر 1950 سے استفادہ کریں ۔ اس کے لئے عوام میں شعور بیداری لانی چاہئے ۔ 18 سال مکمل کرنے والے ہر شہر ی کو چاہئے کہ ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کروالیں ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہاکہ اسمبلی انتخابات کے بعد سے اب تک نامووں کا اندراج ہو رہا ہے ۔ اربن ضلع کے تحت آنے والے اسمبلی حلقوں وردھنا پیٹ ‘ ورنگل ایسٹ ‘ ورنگل ویسٹ (ہنمکنڈہ) میں گذشتہ 690 پولنگ مراکز تھے یہ تعداد بڑھکر 724 ہونے کا امکان ہے ۔ ہر پولنگ اسٹیشن کے تحت 300-400 مکانات رہتے ہیں ۔ بوتھ لیول آفیسرس گھر گھر جا کر ووٹرس لسٹ کی تیاریوں میں لگے ہوئے ہیں ۔ اجلاس کے بعد الکٹورل ابزرور ایم اے عظیم نے کلکٹر کے ہمراہ پولنگ نمبر 179 – 181 وڈے پلی گورنمنٹ اسکول کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر ڈی ڈی آئی اینڈ پی آر وینکٹشیورلو ودیگر عہدیدار موجود تھے ۔