شمالی کوریامیں فرائض منصبی سے کوتاہی برتنے والے سرکاری حکام کو پھانسی!

   

سیول / پیانگ یانگ : شمالی کوریا میں صدر کِم جونگ کے حکم سے، ماہِ جولائی کے سیلاب کے دوران اپنے فرائض منصبی سے کوتاہی برتنے والے، 20 سے 30 سرکاری حکام کو پھانسی دے دی گئی ہے۔جنوبی کوریا کے کوسن ٹی وی نے دعوی کیا ہے کہ ماہِ جولائی میں شمالی کوریا میں آنے والے سیلاب کے بعد آفت سے متعلقہ سرکاری حکام کو پھانسی کی سزائیں دی گئی ہیں۔یونہاپ خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا قومی خفیہ سروس نے موضوع سے متعلق جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پھانسی کے دعووں کے بعد صورتحال پر بغور نگاہ رکھی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ جولائی کے مہینے میں شمالی کوریا کے شہر ’سینوجو ‘میں شدید بارشوں کے بعد شمالی کوریا۔چین سرحد پر واقع دریائے یالو میں طغیانی آگئی اور سیلابی ریلے کی وجہ سے علاقے میں محصور 5 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔جنوبی کوریا وزارتِ اتحاد نے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ سیلاب میں ہلاک یا لاپتہ ہونے والے افراد کی تعداد اندازاً 1000 سے زائد ہے۔تاہم کِم جونگ اْن نے جنوبی کوریا ذرائع ابلاغ کی مذّمت کی اور کہا تھا کہ جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ، شمالی کوریا میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور نقصان کے بارے میں، من گھڑت خبریں شائع کر رہے ہیں۔