شمالی 24 پرگنہ کے سرکاری ہاسپٹل میں حملہ

   

جونیئر ڈاکٹروں نے غیر معینہ مدت کیلئے کام روک دیا
کولکتہ: مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے سرکاری ساگر دتہ ہاسپٹل میں جمعہ کو ایک خاتون مریض کی موت کے بعد مشتعل ہجوم کے حملے کے بعد جونیئر ڈاکٹروں اور عملے نے غیر معینہ مدت کے لیے کام کرنا بند کر دیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے آج یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر ڈاکٹروں اور ہاسپٹل کے عملے نے حملے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کل شام کام روک دیا اور ان کی تنظیم مغربی بنگال جونیئر ڈاکٹرس فرنٹ ( ڈبلیو بی جے ڈی ایف ) کو اس بارے میں مطلع کیا۔ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ڈبلیو بی جے ڈی ایف نے ڈیوٹی کے دوران ان پر تازہ ترین حملوں کے پیش نظر صورتحال پر فیصلہ کیلئے ایک اجلاس بھی طلب کیا ۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون مریضہ کو ہاسپٹل میں داخل کیا گیا اور ڈاکٹروں کی جانب سے اسے بچانے کی کوششوں کے باوجودشام اس کی موت ہوگئی۔ اس کے بعد تقریباً 15تا20 لوگوں نے پی جی ٹی کے کئی جونیئر ڈاکٹروں، نرسوں اور پرائیویٹ سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کردیا۔