شمس آباد ایئرپورٹ کیلئے فاصلہ کو کم کرنے نئے فلائی اوورس کی تعمیر

   

حیدرآباد ۔ 3مارچ ( سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو جانے والے اب جلد ہی پی وی این آر ایکسپریس وے کے بعد کسی سگنل پر رکے بغیر سیدھا ایئرپورٹ کیلئے روانہ ہوسکتے ہیں اور 20منٹ میں ایئرپورٹ پہنچ سکتے ہیں کیونکہ شمس آباد میں ایک نہیں بلکہ چار فلائی اوورس کی تعمیر تیزی کے ساتھ جاری ہے ۔ ان فلائی اوورس کی تعمیر مکمل ہونے پر موٹر سٹس پی وی این آر ایکسپریس وے سے شروع ہونے والی 27.2 کلومیٹر اسٹریچ کے اختتام پر راست ایئرپورٹ کے پارکنگ لاٹ پہنچ سکتے ہیں ۔ فی الوقت اس فاصلہ کو طئے کرنے کیلئے تقریباً 45 منٹ ہوتے ہیں ۔ فلائی اوورس کی تعمیر پروفیسر جئے شنکر تلنگانہ اسٹیٹ اگریکلچرل یونیورسٹی ، گگن پہاڑ ، کاٹے دھن اور شمس آباد میں 300کروڑ روپئے لاگت سے کی جارہی ہے جسے وزارت روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز کی جانب سے الاٹ کیا گیا ہے ۔ اگریکلچرل یونیورسٹی گگن پہاڑ اور کاٹے دھن میں تین فلائی اوورس کی تعمیر چھ ماہ میں مکمل ہوگی جبکہ شمس آباد میں تعمیر کئے جارہے 1.2کلومیٹر طویل یلیویٹیڈ فلائی اوور کے مکمل ہونے کیلئے کم از کم ایک سال درکار ہوگا ۔ روڈ اینڈ بلڈنگس ( آر اینڈ بی ) انجنیئر ان چیف ( نیشنل ہائی ویز) آئی گنپتی ریڈی نے یہ بات کہی ۔ آر اینڈ بی ڈپارٹمنٹ کام کی جلد تکمیل کیلئے صرف حصول اراضی میں وزارت کی مدد کررہا ہے ۔ اس پراجکٹ کیلئے سنگ بنیاد 2018ء میں رکھا گیا تھا ۔چیف منسٹر کے چندر شیکھرر اؤ کی جانب سے مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ سے کی گئی درخواست کے بعد فنڈس منظور کئے گئے ۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ پراجکٹ کے بارے میں سمجھا گیا تھا کہ 2020ء میں مکمل ہوگا لیکن حصول اراضی میں تاخیر کی وجہ تعمیر کا کام مکمل نہیں ہوسکتا ہے اور کہا کہ ان فلائی اوورس کا ڈیزائن اس انداز میں کیا گیا ہے کہ یونویرسٹی ، گگن پہاڑ ، کاٹے دھن اور شمس آباد کے قریب مقامی علاقوں سے آنے والے موٹر سٹس کو شمس آباد پر ایئرپورٹ اور بنگلورو کو مربوط کرنے والی قومی شاہراہ ۔ 44پر مین رو ڈ پر داخل ہونا نہیں ہوگا اور انہیں صرف سرویس روڈس ہی سے جانے کی اجازت دی جائے گی ۔