شمس آباد کے قریب حادثہ ‘ تین افراد ہلاک

   

شمس آباد /8 اگست ( سیاست نیوز ) شمس آباد علاقہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سات امرائی کے علاقہ میں کل رات دیر گئے یہ حادثہ پیش آیا جہاں سوفٹ کار میں موجود 4 کے منجملہ تین افراد ہلاک ہوگئے جو آپس میں ساتھی تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ سڑک کنارے ٹھہری ہوئی ڈی سی ایم گاڑی سے کار کے ٹکرا جانے کے سبب پیش آیا اور کار میں سوار 22 سالہ انیل کمار ساکن بنڈلہ گوڑہ 20 سالہ بی سریکانت ساکن تونڈپلی اور 24 سالہ ہریش گوڑ ساکن شمس آباد ہلاک ہوگئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق کار کی رفتار تیز تھی اور وہ تیزی سے ڈی سی ایم سے ٹکرا گئی ۔ رفتار کی تیزی کے سبب دونوں گاڑیوں میں شدت کا تصادم ہوا جس کے نتیجہ میں سریکانت اور انیل برسر موقع ہی ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ شدید زخمی حالت میں ہریش گوڑ اور سائی کو مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ہریش دوران علاج فوت ہوگیا ۔ جبکہ ان کا ایک ساتھی سائی شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے ۔ پولیس آر جی آئی ایرپورٹ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔