شوپیاں اور بڈگام میں جھڑپیں 3جنگجو اور ایک ایس پی او ہلاک

,

   

سری نگر: وادی کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیاں اور وسطی ضلع بڈگام میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو دو الگ الگ جگہوں پر ہونے والی مسلح جھڑپوں میں تین جنگجو اور جموں و کشمیر پولیس کا ایک ایس پی او ہلاک جبکہ دو جنگجو اور پولیس کا ایک کانسٹیبل زخمی ہوا ہے ۔کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے ایک پریس کا نفرنس کے دوران تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع شوپیاں کے بادی گام میں ہونے والی مسلح جھڑپ میں البدر جنگجو تنظیم سے وابستہ تین مقامی جنگجو مارے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہوا کہ جنگجوؤں کے پاس گھر والے بشمول ایک بچی تھی، جن کو ہم نے گاؤں والوں کی مدد سے باہر نکالا اور اس کے بعد جنگجوؤں کو خود سپردگی کرنے کا مواقع بھی فراہم کیا گیا جس کو انہوں نے مسترد کیا۔موصوف نے بتایا کہ فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ پارٹی نے علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر گذشتہ شام دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر بتایا کہ بادی گام میں مسلح جھڑپ کی جگہ سے دو اے کے رائفلیں اور ایک پستول برآمد کی گئی ہے ۔دریں اثنا ضلع بڈگام کے بیروہ میں مسلح جھڑپ کے دوران جموں و کشمیر پولیس کا ایک ایس پی او ہلاک جبکہ دو جنگجو اور ایک کانسٹیبل زخمی ہو گیا ہے ۔