شوہر اور بیوی کی محبت کی غیر معمولی مثال30 منٹ کے وقفہ سے دونوں کا انتقال

   

حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) شوہر اور بیوی کا رشتہ ہی کچھ ایسا ہے کہ قدرت نے دونوں کو ایک دوسرے سے کچھ ایسا مربوط کردیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے بغیر اپنے وجود کو نامکمل تصور کرتے ہیں۔ شوہر اور بیوی کی بے لوث محبت اور رفاقت کی یوں تو کئی مثالیں پیش کی جاسکتی ہیں لیکن ہندو پور سے تعلق رکھنے والے اظہر علی خاں اور رضیہ بیگم 30 منٹ کے وقفہ سے خالق حقیقی سے جاملے اور سارے ہندو پور میں غم و اندوہ کی لہر دوڑادی۔ اظہر علی خان کی عمر 77 سال تھی جبکہ رضیہ بیگم کی عمر 75 سال بتائی جاتی ہے۔ دونوں ٹیچر تھے اور وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد ہندو پور تیاگ راج نگر میں مقیم تھے۔ انہیں ایک لڑکا اور تین لڑکیاں ہیں جو ملازمت کے سلسلہ میں حیدرآباد میں مقیم ہیں۔ حالیہ عرصہ میں رضیہ بیگم کی طبیعت بگڑنے پر علاج کیلئے حیدرآباد منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرس نے لیور کینسر کی تشخیص کی۔ اس سے شوہر اظہر علی خاں کو واقف نہیں کرایا گیا۔ کچھ دن بعد انہیں اپنی شریک حیات کو موذی مرض کا پتہ چلا اور صدمہ میں ان کی صحت بگڑ گئی۔ ڈاکٹرس نے گردہ، پھیپھڑے اور دیگر عوارض کی تشخیص کی۔ دونوں کو علاج کیلئے نمس میں شریک کیا گیا تھا جہاں دو دن قبل دونوں کوما میں چلے گئے اور منگل کی دوپہر 12 بجے اظہر علی خان اور 12:30 بجے رضیہ بیگم کا انتقال ہوگیا۔ انتقال کی اطلاع نے سارے ہندو پور میں غم و اندوہ کی لہر دوڑادی اور رشتہ داروں میں بھی غمگین ماحول ہوگیا۔ ہندو پور میں ہر کسی کی زبان پر اس جوڑے کی آپسی محبت اور خلوص کی مثال دیکھی گئی۔1