شکاگو سے رام مندر رتھ یاترا کا آغاز، 48 امریکی ریاستوں کا احاطہ

   

وشوا ہندو پریشد امریکہ اور کینیڈا میں سرگرم، نوجوان نسل کو ہندو دھرم سے قریب کرنے اور ہندو اتحاد کی مساعی، 851 مندروں کا دورہ

حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) وشوا ہندو پریشد نے رام مندر کی تعمیر کے مسئلہ پر مودی حکومت کو فائدہ پہنچانے کیلئے امریکہ میں باقاعدہ رتھ یاترا کا اعلان کیا ہے۔ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کو دنیا بھر میں نریندر مودی حکومت کے کارنامہ کے طور پر پیش کیا جارہا ہے تاکہ مودی کا امیج بہتر ہو۔ وشوا ہندو پریشد جس نے ہندوستان میں رام مندر کے حق میں ملک گیر سطح پر مہم چلائی تھی، اس نے امریکہ کی 48 ریاستوں کا احاطہ کرتے ہوئے رام مندر رتھ یاترا کا آغاز کیا ہے ۔ وشوا ہندو پریشد آف امریکہ (VHPA) نے شکاگو سے رام مندر رتھ یاترا کا آغاز کیا جو 48 ریاستوں میں 8 ہزار میل کا فاصلہ طئے کرتے ہوئے 60 دن میں 851 مندروں کا احاطہ کرے گی۔ خصوصی گاڑی پر رتھ تیار کیا گیا جس میں رام ، سیتا ، لکشمن اور ہنومان کی مورتیاں رکھی گئی ہیں اور ایودھیا کی رام مندر سے حاصل کردہ خصوصی پرساد شامل ہے۔ جنرل سکریٹری وشوا ہندو پریشد امریکہ امیتابھ متل نے بتایا کہ رام مندر کے افتتاح سے دنیا بھر میں موجود 1.5 بلین ہندوؤں میں نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے اور امریکہ کی ہندو برادری کو رام مندر کی تعمیر سے واقف کرانے کیلئے رتھ یاترا کا آغاز کیا گیا ۔ شکاگو سے یہ یاترا آج شروع ہوئی جو امریکہ کی 851 مندروں کے علاوہ کینیڈا کی 150 مندروں تک پہنچے گی۔ کینیڈا میں رتھ یاترا کے انتظامات وشوا ہندو پریشد آف کینیڈا نے کئے ہیں۔ ہندو مندر امپاورمنٹ کونسل کے تیجل شاہ کا کہنا ہے کہ رتھ یاترا کا مقصد ہندو دھرم کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور نوجوان نسل کو واقف کرانا ہے ۔ یہ تنظیم امریکہ کی تمام مندروں کی نگرانکار کی طرح ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یاترا سے ہندو برداری متحدہ طور پر خود کو رام مندر سے وابستہ کرے گی اور ہندو دھرم کے اصولوں کا احیاء ہوگا۔ رتھ یاترا کا مقصد امریکہ میں موجود نوجوان نسل کو ہندو مذہب سے قریب کرنا ہے ۔ یاترا میں تعاون کیلئے بڑی تعداد میں والینٹرس نے اپنے نام درج کرائے ہیں۔ امریکہ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ہندوؤں کی جانب سے کسی مذہبی یاترا کا اہتمام کیا گیا ہے۔ رام مندر رتھ یاترا 23 اپریل کو ہنومان جینتی کے موقع پر الینوائس ریاست میں اختتام کو پہنچے گی۔ امریکہ میں موجود تمام بڑی اور چھوٹی مندروں تک یہ یاترا پہنچے گی۔ امریکہ کی کئی مندروں نے رام مندر کی افتتاحی تقریب میں آن لائین حصہ لیا تھا ۔ رتھ یاترا میں بڑی تعداد میں ہندوؤں کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے باقاعدہ ترغیب دی جارہی ہے۔ ایودھیا کی رام مندر کے کلش اور دیگر مذہبی اشیاء کو رتھ یاترا میں عوام کے مشاہدہ کیلئے رکھا جائے گا۔ 1