شکاگو میں حیدرآبادی طالبہ کی عصمت ریزی اور قتل

,

   

حیدرآباد 26 نومبر (سیاست نیوز) امریکی ریاست شکاگو میں ایک 19 سالہ ہندوستانی امریکی طالبہ کی عصمت ریزی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا۔ پولیس نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ اس لڑکی کی شناخت رتھ جارج کی حیثیت سے کی گئی ہے جس کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور وہ ایلنائی یونیورسٹی میں آنرس کی طالبہ تھی جس کی نعش اُس کے خاندان کی گاڑی کی عقبی نشست پر پڑی پائی گئی۔ یہ کار ہفتہ کو یونیورسٹی کے گیراج میں ٹھہری ہوئی تھی۔ حملہ آور ڈونالڈ تھرومین کو اتوار کے روز شکاگو میٹرو اسٹیشن سے گرفتار کرلیا گیا۔ یونیورسٹی سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ تھرومین پر رتھ جارج کے خلاف عصمت ریزی اور قتل کے الزامات درج کئے گئے ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لڑکی کو گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا گیا۔ یونیورسٹی نے اپنے بیان میں کہاکہ رتھ جارج کے خاندان نے یونیورسٹی پولیس میں درج کردہ شکایت میں کہاکہ جمعہ کی شام سے رابطہ منقطع ہوچکا تھا۔ اس کے فون کے ذریعہ گاڑی کے مقام کا پتہ چلا۔ گاڑی میں اس کی نعش دستیاب ہوئی تھی۔ ویڈیو فٹیج سے حملہ آور تھرومین کی شناخت ہوئی جو ہفتہ کو رتھ جارج کا پیچھا کررہا تھا۔