شہباز شریف کا اماراتی صدر شیخ محمد بن زایدسے ٹیلیفونک رابطہ

   

اسلام آباد : وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت کیلئے زیادہ مواقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں قائدین نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کے معاشی اور مالی استحکام کے لئے ان کی بھرپور حمایت پر تہہ دل سے ان کا شکریہ ادا کیا جو یقینی طور پر پاکستان کے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ان کی گہری محبت اور خیال رکھنے کا اظہار ہے۔وزیر اعظم نے بینک دولت پاکستان میں ایک ارب ڈالر جمع کرانے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ جنوری میں متحدہ عرب امارات کے اپنے کامیاب دورے کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کیلئے دونوں ممالک کی قیادت کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے کاپ 28 کے لئے دعوت پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا ۔