شہریت ترمیمی قانون کی برخاستگی کیلئے سی پی آئی کا مطالبہ

   

پارٹی کے انتخابی منشور کی اجرائی، ڈی راجہ ، عزیز پاشاہ اور دوسروں کی شرکت

حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ مرکز میں بی جے پی کو شکست دینے کیلئے بائیں بازو اور سیکولر طاقتوں کو مستحکم کریں۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجہ، قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ، پروفیسر دنیش ویشنوی اور دیگر قائدین کی موجودگی میں انتخابی منشورکی اجرائی عمل میں آئی۔ منشور میں کہا گیا ہے کہ مرکز میں بی جے پی کا اقتدار نریندر مودی کی قیادت میں تباہ کن ثابت ہوا ہے۔ مالیاتی بے قاعدگیوں کے نتیجہ میں مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا۔ عوام کے مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ بی جے پی حکمرانی سے دولتمندوں کے اثاثہ جات میں اضافہ ہوا جبکہ غریب اور بھی غریب ہوگئے۔ ہندوتوا نظریات کی حامل آر ایس ایس نے بی جے پی حکومت پر مکمل کنٹرول کرلیا ہے جس کے نتیجہ میں دستور کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ سیکولرازم، سوشلزم، فیڈرل نظام، عوام کی آزادی اور مساوات جیسے حقوق متاثر ہوگئے۔ منشور میں کہا گیا کہ بی جے پی دوبارہ اقتدار کی صورت میں دستور کو خطرہ لاحق ہوجائے گا۔ ڈی راجہ نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ ملک کیلئے کافی اہمیت کے حامل ہیں۔ عوام کے بہتر مستقبل کیلئے بی جے پی کو شکست دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی ہے۔ ہر سال 2 کروڑ روزگار کی فراہمی کا وعدہ پورا نہیں ہوا اور بیروزگاری میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ الیکٹورل بانڈس کے ذریعہ بھاری رقومات حاصل کرتے ہوئے بی جے پی تاریخ کی بدعنوان پارٹی ثابت ہوئی ہے۔ سی پی آئی ملک بھر میں سیکولرازم، سوشلزم اور مساوات کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورتوں سے متعلق شعبہ جات کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے تحفظات کی 50 فیصد کی حد ختم کرنے کی وکالت کی تاکہ مزید طبقات کو تحفظات فراہم کئے جائیں۔ ڈی راجہ نے قومی سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی شہریت ترمیمی قانون کی برخواستگی کیلئے جدوجہد کرے گی۔ انتخابی منشور میں عوام سے مختلف وعدوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ بی جے پی تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذریعہ اپوزیشن پارٹیوں کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔1