شہریت کے لیے اہل افراد کے اعداد و شمار تیارکرنا باقی

   

’ صحافت سے ملاقات ‘ پروگرام میں مرکزی وزیر داخلہ کشن ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے آج کہا کہ شہریت ترمیم قانون ( سی اے اے ) کے تحت اہل پناہ گزینوں کی تعداد کے تعین کے لیے مکمل ڈیٹا ابھی تیار کیا جانا ہے ۔ آج یہاں یونین آفس پر ’ صحافت سے ملاقات ‘ پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ ابھی ڈیٹا تیار نہیں کیا گیا کیوں کہ مرکز کی جانب سے مختلف ریاستوں کے ساتھ اس سلسلہ میں بات کی جائے گی جو ان کی ریاستوں میں سی اے اے پر عمل درآمد کی مخالفت کررہے ہیں بشمول شمال مشرقی ریاستیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہریت کے لیے اہل اشخاص کی پوری تعداد ابھی نہیں آئی ہے ۔ اس قانون کے قواعد بنائے جانے کے بعد ڈیٹا اور تعداد تیار کی جائے گی ۔ کولکتہ ، مغربی بنگال اور آسام میں لوگوں کی زیادہ تعداد ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی ان کے پاس سی اے اے کے تحت شہریت کے لیے اہل لوگوں کی تعداد سے متعلق پورے فیگرس نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ وہ ریاستیں جو سی اے اے کی مخالفت کررہی ہیں اس کے بارے میںحقائق کو سمجھیں گے ۔ یہ قانون پارلیمنٹ میں منطور ہوا ہے ۔ پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کئے جانے والے قوانین پر پورے ملک میں عمل درآمد کرنا ہوتا ہے ۔ ایک اور سوال پر کشن ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کو ملک کا دوسرا دارالحکومت بنانے کی اب تک کوئی تجویز نہیں ہے ۔۔