شہری علاقوں کے بعد گرام پنچایتوں میں تعمیری اجازت کے حصول میں آسانی

   

ٹی ایس ۔بی پاس خدمات متعارف کرنے کا فیصلہ، تعمیری سرگرمیوں میں شفافیت
حیدرآباد۔3۔ جون (سیاست نیوز) شہری علاقوں میں تعمیری اجازت ناموں کیلئے تلنگانہ بی پاس پر کامیاب عمل آوری کے بعد حکومت نے ان خدمات کو گرام پنچایتوں تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تعمیری اجازت کے علاوہ سیلف سرٹیفکیشن سسٹم کے ذریعہ شہری بلدیات میں ٹی ایس۔بی پاس نے عوام میں کافی مقبولیت حاصل کی ہے ۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ شفافیت کے ساتھ تعمیری اجازت ناموں کی اجرائی کیلئے گرام پنچایتوں تک یہ سہولت فراہم کی جائے۔ شہری علاقوں میں مکانات کی تعمیر پلان کے مطابق انجام دی جاتی ہے اور پلان سے انحراف کی صورت میں تعمیری اجازت نہیں دی جاتی۔ حکومت نے تعمیری اجازت ناموں کی اجرائی کے لئے جو سسٹم متعارف کیا ہے وہ کم عرصہ میں عوام میں مقبول ہوچکا ہے۔ شہری علاقوں میں تعمیری اجازت کے علاوہ لے آؤٹ کی منظوری ڈیجیٹل خدمات کے ذریعہ دی جارہی ہے۔ نئے سسٹم کے تحت 75 گز اراضی پر تعمیر کیلئے اجازت کی ضرورت نہیں۔ بی پاس کے ذریعہ رجسٹریشن کیا جاسکتا ہے۔ 600 گز تک کیلئے تعمیری اجازت حاصل کرنے لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ نئے طریقہ کار کے تحت تمام شرائط کی تکمیل پر فوری اجازت نامہ جاری کیا جاتا ہے۔ اپارٹمنٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں درخواستوں کے ادخال پر اندرون 21 یوم اجازت نامہ جاری کرنے کی گنجائش ہے۔ اسی طریقہ کار کو گرام پنچایتوں میں توسیع دیتے ہوئے حکومت تعمیری سرگرمیوں کو قواعد کے مطابق بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ نئے سسٹم کے آغاز سے قبل ضلع اورڈیویژنل سطح پر عہدیداروںکو ٹریننگ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ر