شہر حیدرآباد میں نیا ٹرانسپورٹ نظام متعارف کرانے کا منصوبہ

   

الٹرا پی آر ٹی لمیٹیڈ اور حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے درمیان یادداشت مفاہمت
حیدرآباد ۔ 4 جون (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں مزید ایک نیا ٹرانسپورٹ نظام عوام کو دستیاب ہونے والا ہے۔ پرسنلائزڈ ریاپڈٹرانزٹ سسٹم پی آر ٹی ایس کو متعارف کرانے کی حکام کی جانب سے منصوبہ بندی تیار کی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں میسرس الٹرا پی آر ٹی لمیٹیڈ سے حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ (ایچ ایم آر) نے ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط بھی کیا ہے۔ اس نئے ٹرانسپورٹ کو پہلے مرحلہ میں 7.5 کیلو میٹر تک رائے درگ میٹرو اسٹیشن سے مائنڈ اسپیس، اناربٹ مال، اروبندو، نالج سٹی، میہوبھوجا، ائی ٹی سی کوہ نور تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کے ٹی آر کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ محکمہ بلدی نظم و نسق کے سالانہ رپورٹ میں اس کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ اس نئے ٹرانسپورٹ نظام کی دستیابی سے آئی ٹی کاریڈار میں خدمات انجام دینے والے تقریباً 4.50 لاکھ ملازمین کے علاوہ دوسرے عام مسافرین کو صبح اور شام سفر کے دوران جو دشواریاں پیش آرہی ہیں وہ بڑی حد تک گھٹ جائیں گے۔ اس طرح دوسرے مرحلہ میں 8.84 کیلو میٹر تک پرسنلائزڈ ریاپڈ ٹرانزٹ سسٹم کو چلانے کا بھی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ کاریڈار2 کے تحت اسمبلی سے براہ راست سکریٹریٹ سے ہوتے ہوئے پیراڈائز میٹرو اسٹیشن تک چلانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ میٹرو ریل کے طرز پر یہ نیا ٹرانسپورٹ نظام منتخب ایلیئوٹیڈ ٹریک پر اپنی خدمات انجام دے گا۔ کار کی شکل پر مشتمل اس ٹرانسپورٹ میں صرف 4 تا 6 لوگ سفر کرسکتے ہیں۔ن