شہر سے اغواء کردہ تاجر کا سنگاریڈی میں قتل

   

حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شہر سے اغوا کئے گئے ایک تاجر کا ضلع سنگاریڈی میں بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 45 سالہ مدھو سدن ریڈی ساکن کرمن گھاٹ کا 19 اگسٹ کو اس کے چار دوستوں سنجے کمار، سنجے گردار، گریش اور جگناتھ نے علاقہ پیٹلہ برج سے ایک کار میں اغوا کرکے سنگاریڈی لے جاکر قتل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مدھو سدن ریڈی نے اپنے دوستوں کو 40 لاکھ روپئے قرض دیا تھا اور اس کی واپسی کیلئے ان سے اصرار کررہا تھا۔ رقم واپس نہ دینے کی نیت سے مذکورہ دوستوں نے 19 اگسٹ کو مدھو سدن ریڈی کو سنجے کمار کے مکان واقع پیٹلہ برج طلب کیا اور اس معاملہ کی یکسوئی کیلئے سنگاریڈی جانے کیلئے اسے کار میں سوار کیا اور تاج دھابہ سنگاریڈی میں جگناتھ کو چھوڑ دیا اور اسے ہدایت دی کہ وہ تاجر مدھو سدن ریڈی کے ارکان خاندان کو اطلاع دے کہ بعض نامعلوم افراد نے اغواء کرلیاہے۔ جگناتھ نے شہر پہنچ کر تاجر کی بیوی کو اطلاع دی جس پر پولیس اسٹیشن چارمینار میں اغواء کی شکایت درج کی گئی تھی۔B