شہر میں سائنیٹیشن کے بہتر نتائج برآمد ، میئر جی ایچ ایم سی بی رام موہن

   

حیدرآباد 8 جون (سیاست نیوز) شہر میں اسپیشل سائنیٹیشن کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ یہ بات میئر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن نے بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایت پر یکم جون سے اسپیشل ڈرائیو سائنیٹیشن منعقد کیا جارہا ہے اور اس پر شہریوں سے بہترین ردعمل حاصل ہورہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ موسمی بخار اور موسمی تبدیلی کے سبب پیش آنے والے حالات سے نمٹنے کے لئے شہر کے 150 ڈیویژن میں صحت و صفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ کارپوریٹرس، کالونی اسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے سڑکوں کے کنارے پائے جانے والے جنگلی جھاڑیوں کی صفائی کچرے کی نکاسی گندگی کی صفائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ میئر نے بتایا کہ اسپیشل سائنیٹیشن ڈرائیو میں صحت و صفائی کے عملہ کے علاوہ انجینئرنگ، برقی شعبوں کے عہدیداروں کو بھی شامل کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں 4131 کیلو میٹر سڑکوں کی صفائی عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ 1516 خالی پلاٹس کی صفائی بھی عمل میں لائی گئی ہے اور 4198 میٹرک ٹن کچرا صاف کیا گیا۔ اس کے علاوہ بلدی عملہ نے 12,437 ٹن ملبہ کی صفائی کو یقینی بنایا گیا۔ میئر نے بتایا کہ نالوں کی صفائی اور برساتی پانی کے بہاؤ کو بغیر رکاوٹ یقینی بنانے کے لئے 4066 میٹرک ٹن کچرے کی صفائی کو عمل میں لایا تاکہ موسمی بخار اور اس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے اور بلدی حدود میں کسی بھی وباء کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ رام موہن نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اطراف کے ماحول کو صاف رکھیں اور صحت و صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔