شہزادہ نواب شہامت جاہ کا انتقال

,

   

مفخم جاہ بہادر ‘ عظمت جاہ بہادر و شہزادی اسری جاہ کا اظہار تعزیت
حیدرآباد۔30 جولائی (سیاست نیوز) نبیرۂ آصف سابع نواب میر عثمان علی خان و فرزند نواب میر شجاعت علی خان معظم جاہ بہادر ومحترمہ انوری بیگم مرحوم شہزادہ نواب شہامت جاہ کا طویل علالت کے بعد آج انتقال ہوگیا ۔ نواب شہامت جاہ اپنی والدہ کے انتقال کے بعد ’فرن ولا‘ لال ٹیکری ‘ نامپلی سے اپنی ہمشیرہ کے مکان واقع بنجارہ ہلزمیں منتقل ہوکر وہیں قیام کر رہے تھے اور گذشتہ چند ماہ سے وہ سخت علیل تھے ۔ پرنس شہامت جاہ بہادرکا 30جولائی بروز اتوار سہ پہر انتقال ہوگیا ۔ شہامت جاہ بہادرکے سانحہ ارتحال پر شہزادہ نواب میر کرامت علی خان مفخم جاہ بہادر‘نظام دکن شہزادہ عظمت جاہ بہادر ‘ شہزادی اسریٰ جاہ ‘کے علاوہ دیگر افراد خاندان نے ان کے بھانجے نواب میر حمایت علی خان کو روانہ تعزیتی پیام میں مرحوم کی مغفرت اور ان کے رشتہ داروں کیلئے صبر کی دعاء کی۔ مرحوم کی ولادت 1955 میں ہوئی تھی اور ان کی عمر 68 برس تھی۔شہامت جاہ اپنی زندگی میں اردو شعراء اور شعر و ادب کے فروغ کے لئے محافل کا انعقاد کیا کرتے تھے اور انہیں اپنے والد معظم جاہ شجیع کی طرح شعر و ادب سے کافی انسیت تھی۔ مرحوم کی نماز جنازہ 31جولائی بروز اتوار بعد نماز فجر مسجد جودی میں ادا کی جائے گی اور تدفین مسجد جودی کے صحن میں موجود شاہی قبرستان میں عمل میں آئے گی۔شہامت جاہ نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر اور نواب میر کرامت علی خان مفخم جاہ بہادر کے حقیقی چچازاد بھائی تھے۔