شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کا انتقال – تعزیت کیلئے نائب صدرجمہوریہ کی یو اے ای آمد

   

ابوظہبی؍ نئی دہلی: نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو دو دن پہلے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمراں عزت مآب شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کے انتقال پر قوم کی طرف سے اپنی تعزیت پیش کرنے کیلئے آج ابوظہبی پہنچے۔ ابوظہبی کے مشرف پیلس میں متحدہ عرب امارات کے نو منتخب صدر شیخ محمد بن زائد النہیان و شاہی خاندان کے دوسرے ارکان اور امارات کی اہم شخصیتوں سے ملاقات کے دوران نائیڈو نے مرحوم صدر کی خدمات کو یاد کیا اور کہا کہ شیخ خلیفہ ایک عظیم عالمی لیڈر اور ہندوستان کے سچے دوست تھے۔مرحوم صدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نائیڈو نے اس بات کا مشاہدہ کیا کہ کس طرح شیخ خلیفہ نے شیخ زائد کی وراثت پر متحدہ عرب امارات کی ترقی کے لئے دور اندیشانہ قیادت کا مظاہرہ کیا اور ہند۔متحدہ عرب امارات شراکت داری کو مضبوط کیا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں غیر مقیم ہندوستانی برادری کا بہت خیال رکھا۔انہوں نے کہا کہ ان کے انتقال متحدہ عرب امارات میں رہنے والی ہندوستانی برادری کے لئے ایک بڑا خسارہ ہے۔میٹنگ میں نائب صدر جمہوریہ نے متحدہ عرب امارات کے صدر کی حیثیت سے منتخب کئے گئے عزت مآب شیخ محمد بن زائد النہیان کو اپنی دلی مبارکباد پیش کی۔فروری 2022ء میں ہندوستان کے اْن کے دورے اور ہندوستان و متحدہ عرب امارات کے درمیان ہوئے حالیہ تاریخی جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے کو یاد کرتے ہوئے نائیڈو نے عزت مآب شیخ محمد کے متحرک نظریے اور قیادت کی ستائش کی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ہند۔متحدہ عرب امارات اسٹریٹیجک شراکت داری آگے بڑھتی رہے گی اور نئے صدر کی قیادت و رہنمائی میں نئی بلندیوں تک پہنچے گی۔