شیر خوار لڑکی کے قاتل کو عمر قید کی سزاء

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : شیر خوار لڑکی کا قتل کرنے والی درندہ صفت خاتون کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چندا نگر کی 24 سالہ راجیا لکشمی جس نے اپنے جیٹھ کی لڑکی دیڑھ سالہ جوستنا کو زندہ بیارل میں ڈبوکر قتل کردیا تھا ۔ اس معاملہ میں عدالت نے اس خاتون کو عمر قید کی سزا سنائی ۔ چندا نگر پولیس انسپکٹر مسٹر رویندر نے اس سلسلہ میں چارج شیٹ کو عدالت میں پیش کردیا ۔ اور تمام ثبوت و گواہوں کی بنیاد پر عدالت نے راجیا لکشمی کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ چندا نگر پولیس کے مطابق جوستنا کی والدہ 22 سالہ رینوکا نے 30 جون 2015 کو شکایت درج کروائی تھی کہ اس کی لڑکی جوستنا عمر دیڑھ سالہ کی مشتبہ موت واقع ہوگئی ہے ۔ پولیس چندا نگر نے اس سلسلہ میں تحقیقات کا آغاز کرنے کے بعد شبہ کی بنیاد پر رینوکا کی دیورانی راجیا لکشمی کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی تھی اور اس سے جرم کو قبول کروالیا تھا ۔ رینوکا اور بالراجو کی شادی سال 2013 میں ہوئی تھی اور اس وقت جوستنا ان دونوں کی ایک اکلوتی لڑکی تھی بالراجو ویکر سیکشن کالونی میں رہتے تھے ۔ اور بالراجو کے ساتھ اس کا بھائی بھی رہتا تھا ۔ تاہم دونوں کے علحدہ علحدہ پورشن تھے اس دوران راجیا لکشمی جو 8 ماہ کی حاملہ تھی اس کا حمل ساقط ہوگیا اور نومولود فوت ہوگیا ۔ اس بات سے یہ خاتون کافی پریشان اور ذہنی تناؤ کا شکار تھی ۔ اس نے اپنے بچہ کی موت کے غم میں ساتھی جیٹھانی سے بدلا لینا چاہا اور ایک دن یعنی 30 جون کے دن جیٹھانی کو مکان میں مصروف دیکھ کر اس کی دیڑھ سالہ لڑکی کو پانی سے بھرے ہوئے بیارل میں ڈال دیا اور لڑکی فوت ہوگئی ۔ مصروفیت کے بعد بچی کو تلاش کرنے والی شکایت گذار خاتون رینوکا کو بچی کی نعش دستیاب ہوئی ۔ چندا نگر پولیس میں شکایت درج کرنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور مکمل رپورٹ کو عدالت میں پیش کیا تھا ۔ عدالت نے اس خاتون کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔۔