شیشہ و تیشہ

   

انورؔ مسعود
اے بسا آرزو…!
روک دیتے ہیں اچانک مرے حالات مجھے
میری خواہش کبھی ہوتی بھی ہے پوری کوئی
خود کْشی کرنے کا جس روز تہیہ کر لوں
کام پڑ جاتا ہے اُس روز ضروری کوئی
……………………………
غوث خواہ مخواہؔ
باتیں کرو …!!
رات بھر اقرار کی باتیں کرو
صبح دم انکار کی باتیں کرو
اُلجھنیں دل کی بڑھانی ہوں اگر
گیسوئے خم دار کی باتیں کرو
ہیں نگاہیں سیر اور ابرو کماں
یار با ہتھیار کی باتیں کرو
مہۂ وشو اتنے برے بھی ہم نہیں
آؤ ہم سے پیار کی باتیں کرو
صرف پہلی ہی کے دن اے دوستو
ساز اور جھنکار کی باتیں کرو
دوسری کو بچ گئے پیسے اگر
کوچہ و بازار کی باتیں کرو
دس تلک چلر اگر باقی رہے
چائے پر اخبار کی باتیں کرو
بیس اور اکیس کو احباب سے
چرخ ناہنجار کی باتیں کرو
قرضِ حسنہ لے کے تم انتیس تک
گھر کے کاروبار کی باتیں کرو
تیس کو باتیں کرو اکتیس کی
یا دل بیمار کی باتیں کرو
آخری دن خوب غصے میں رہو
حجت و تکرار کی باتیں کرو
پھر اسی شب صبح کی امید میں
میٹھی میٹھی پیار کی باتیں کرو
تم سے یہ کس نے کہا تھا ؔخواہ مخواہ
اس طرح بے کار کی باتیں کرو
…………………………
تصور کرو… !
دوست : میری بیوی کا جب سے انتقال ہوا ہے ، غم کے مارے میرے آنکھ سے آنسو نہیں نکل رہے ہیں ؟
دوسرا دوست : دل میں تصور کرو کہ وہ پھر سے زندہ ہوگئی ہے ، آنسو ضرور نکلیں گے !!
شعیب علی فیصل ۔ رامیا باؤلی ، محبوب نگر
…………………………
ایک سے زیادہ شادیاں …!
٭ ایک عالمہ بی بی نے مرد کی ایک سے زیادہ شادیوں کے فضائل اور محاسن پر بلیغ و مدلل خطبہ دیا۔ خطبے کے اختتام پر حاضرات خواتین میں سے ایک خوبرو خاتون نے کھڑے ہو کر سوال کیا بی بی محترمہ کیا آپ بذات خود بھی مردوں کی ایک سے زیادہ شادی کی حوصلہ افزائی فرماتی ہیں؟
عالمہ بی بی نے کہا: الحمد للہ ! سوال کرنے والی بی بی نے تھوڑا سا لجاتے ہوئے کہا: اللہ کا لاکھ شکر ہے، ورنہ میں تو آپ سے اپنا تعارف کراتے ہوئے بھی ڈرا کرتی تھی۔ دراصل میں آپ کے خاوند کی دوسری بیوی ہوں۔ عالمہ بی بی یہ سنتے ہی غش کھا کر دھڑام سے گر پڑی۔
محمد امتیاز علی نصرت۔ پداپلی
…………………………
دلچسپ درخواستیں…!
٭ آج کے اخبار میں آپ کی معروف کمپنی کا اشتہار نظر نواز ہوا۔ آپ نے لکھا ہے کہ آپ کی کمپنی کو سیکریٹری ، اکاؤنٹنٹ کی اسامی کے لئے درخواستیں مطلوب ہیں۔ درخواست گزار خواہ مرد ہو یا عورت فوراً رجوع کرے۔ گزارش ہے کہ میں ان دونوں معیار پر پورا اترتا ہوں۔ لہٰذا میری صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میرا تقرر کیا جائے… شکریہ
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
مگر وہ …!
٭ اخراجات کے بار سے گھبرائے ہوئے شوہر نے بیوی سے کہا اس ماہ پھر تمہارے اخراجات ماہانہ بجٹ سے تجاوز کرگئے ۔ بیوی نے جواب دیا تم اس کی فکر نہ کرو میں نے حکومت کے بجٹ کا بغور مطالعہ کیا ہے !
شوہر نے کہا حکومت کا بھلا کیا ذکر وہ تو نئے ٹیکس لگاکر اخراجات پورے کرلیتی ہے !
بیوی نے مطمئن لہجے میں جواب دیا ہاں مگر وہ قرض بھی لیتی ہے !!
ایم اے وحید رومانی ۔ پھولانگ ، نظام آباد
…………………………