شیوپال یادو کی سماجوادی پارٹی میں واپسی کا اشارہ: اکھیلیش

,

   

لکھنؤ: سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے اتر پردیش کے آئندہ انتخابات میں اپنے سیاسی حریف شیوپال یادو کی پرگتی شیل سماجوادی پارٹی – لوہیا (پی ایس پی ایل) سے اتحاد کے واضح اشارے دیتے ہوئے ہفتہ کے روز کہا کہ اتفاق رائے کی صورت میں وہ حکومت سازی کے بعد شیوپال کو کابینی وزیر بنائیں گے۔ اکھلیش نے اٹاوہ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں اتحاد کے امکانات کے سوال پر کہا، ’’چھوٹی جماعتوں سے تو تال میل ہوگا لیکن بڑی جماعتوں سے کوئی اتحاد نہیں کیا جائے گا۔‘‘اکھلیش نے اب مایاوتی کی بی ایس پی سے کسی بھی طرح کے اتحاد کے امکانات کو خارج کر دیا ہے۔ اس سوال پر کہ آیا وہ شیوپال یادو کی پارٹی سے بھی اتحاد کر سکتے ہیں، سماجووادی پارٹی کے سربراہ نے کہا ، ’’اس پارٹی سے بھی تال میل کریں گے۔ جسونت نگر ان کی (شیو پال یادو) سیٹ ہے۔ سماجوادی پارٹی نے وہ سیٹ ان کے لئے چھوڑ دی ہے اور آنے والے وقت میں ان کے لوگ ملیں، حکومت بنائیں، ہم ان کے رہنما کو کابینی وزیر بنا دیں گے ۔ واضح ہو کہ ماضی میں شیوپال یادو سماجوادی پارٹی سے اتحاد کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔ سال 2017 کے اسمبلی انتخابات سے عین قبل اکھلیش اور شیوپال کے درمیان تلخی بڑھ گئی تھی۔ اس کے بعد شیوپال نے علیحدہ ہو کر اپنی پارٹی تشکیل دی تھی۔