’ صاف حیدرآباد ۔ شاندار حیدرآباد ‘ کے نام بلدیہ کی خصوصی مہم

   

سڑکوں پر کچرا ڈالنے پر جرمانہ اور سخت کارروائی ، کمشنر بلدیہ دانا کشور کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔18جنوری (سیاست نیوز) ’’صاف حیدرآباد‘ شاندارحیدرآباد ‘‘ کے نام سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے 6ماہ طویل منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ شہر حیدرآباد کی سڑکوں اور بازاروں کو صاف ستھرا بنایا جاسکے اور شہر کی سڑکوں پر کچہرا ڈالنے کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کئے جائیں۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کے مطابق شہر حیدرآباد میں بازارو ں اور اہم سڑکوں پر صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے کوڑا دانوں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی اور کوڑا دان کے باہر کچہرا ڈالنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔ مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن اور کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر داناکشور نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے مختلف شعبہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے شہر میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے علاوہ شہر میں سڑکوں پر کچہرا ڈالنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ آئندہ 6ماہ کے دوران شہر کی کسی بھی سڑک پر کوڑا کرکٹ یا کچہرا نظر نہ آئے اس طرح کی پالیسی تیار کی گئی ہے جس پر عمل آوری کے ذریعہ شہر کو ’’صاف حیدرآباد ‘ شاندار حیدرآباد‘‘ بنایا جائے گا۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی سے فٹ پاتھ کی تعمیر اور دیواروں پر نقش نگاری کے علاوہ دیگر اقدامات کے سبب ملک کی دیگر بلدیات کی نظریں شہر حیدرآباد پر مرکوز ہیں اور کئی بلدیات میں جی ایچ ایم سی کے منصوبوں کو اختیار کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اسی لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو مزید محنت کے ذریعہ شہر حیدرآباد کو بہتر بنانے کے اقدامات کی ضرورت ہے۔ مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن نے مختلف شعبہ جات و محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ منعقد ہوئے اجلاس کے دوران بتایا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے کی جانے والی کاروائیاں اطمینان بخش ہیں لیکن شہر کی صفائی کو یقینی بنانے کے لئے ہر شہری کو تعاون کرنا چاہئے اسی لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے مختلف عوامی محکمہ جات اور غیر سرکاری تنظیموں کے علاوہ والینٹرس کی خدمات حاصل کرتے ہوئے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والے تجارتی اداروں کے خلاف کاروائی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔شہر حیدرآباد کو خوبصورت بنانے کیلئے کی جانے والی کوششو ںمیں تعاون کیلئے انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر شہر حیدرآباد کو صاف حیدرآباد اور شاندار حیدرآباد بنانے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہوسکتا اسی لئے عوام اس منصوبہ کو کامیاب بنانے میں تعاون کریں۔