بھوپال: صحافیوں کے تحفظ سے متعلق قانون کے سلسلے میں مدھیہ پردیش حکومت کی طرف سے تشکیل شدہ کمیٹی کی پہلی میٹنگ جمعرات کے روز یہاں منعقد ہوگی۔ محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اور اس کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر راجیش راجورا نے آج یہاں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کی میٹنگ یہاں وزارت داخلہ کے ولبھ بھون میں ہوگی اور اس سلسلے میں باضابطہ نوٹس جاری کردیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے حال ہی میں صحافیوں کے تحفظ سے متعلق قانون لانے کا اعلان کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ محکمہ قانون و امور قانون سازی کے پرنسپل سکریٹری اور محکمہ تعلقات عامہ کے سکریٹری بھی اس میں ممبر ہیں۔ اس کے علاوہ ایک سینئر صحافی مہیش سریواستو کو اس کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہے ۔ یہ کمیٹی جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ کے سلسلے میں مطالعہ کرے گی اور اس کا خاکہ تیار کرنے کیلئے اپنی رائے دے گی۔